خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان سے بہتر تعلقات کا آغاز کر رہے ہیں، امریکی صدر

پاکستان سے بہتر تعلقات کا آغاز کر رہے ہیں، امریکی صدر

واشنگٹن(ملت آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ حقیقی بہتر تعلقات کا آغاز کررہے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کئی محاذوں پر تعاون کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، پاکستان اور اس کے رہنماؤں کیساتھ امریکا کے تعلقات پہلے سے بہت زیادہ بہتر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

قبل ازیں واشنگٹن میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کئی سال تک امریکا سے فائدہ اٹھایا ہے اور اب اس نے بحیثیت قوم امریکا کا پھرسے احترام کرنا شروع کردیا ہے، لہذا ہم اب پاکستان کے ساتھ حقیقی بہتر تعلقات کا آغاز کررہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی خاتون سمیت 5 غیر ملکیوں مغویوں کی بازیابی پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے پاک امریکا تعلقات کا ایک مثبت لمحہ قرار دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک فوج کے آپریشن میں امریکی خاتون سمیت 5 افراد کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں امریکی حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کررہی تھی جس کے بعد مغویوں کی بازیابی کو ممکن بنایا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اغواء ہونے والی امریکی خاتون کائیٹلن کولمین اور ان کے شوہر جوشوا بوائل بازیاب ہوگئے، دوران قید کولمین نے تین بچوں کو بھی جنم دیا تاہم اب یہ سب آزاد ہیں۔