خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان نتائج دے اوراعتماد بحال کرے، امریکا

واشنگٹن:(ملت آن لائن) امریکا نے پاکستان سے متعلق اپنی پالیسی کو واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن، اسلام آباد سے نتائج اور اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات چاہتا ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نائب ترجمان رابرٹ پالاڈینو سے سوال کیا گیا کہ چند ہفتوں قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیغامات میں پاکستان پر دہشت گردوں کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا، جس کے بعد پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے بھی ٹوئٹر پر اس کا ردعمل دیا اور اچھی خاصی لفظی جنگ ہوئی لیکن اب امریکا، طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے پاکستان کی طرف دیکھ رہا ہے تو کیا امریکا کی طرف سے بیانات دینے کا یہ وقت مناسب تھا؟

جس کے جواب میں نائب ترجمان پالا ڈینو نے جواب دیا کہ سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو یہ بات واضح کرچکے ہیں کہ پاک امریکا تعلقات میں اعتماد کی بحالی کے لیے پاکستان کو نتائج دینے کی ضرورت ہے اور اسلام آباد کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے۔

بریفنگ کے دوران کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد رکھنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس سے پاکستان اور بھارت کے شہریوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔