خبرنامہ انٹرنیشنل

چین، بھاری سامان لے کر جانیوالے پہلے ہیلی کاپٹر کے تمام آزمائشی تجربات مکمل

بیجنگ (ملت + آئی این پی) چین کے شہری مقاصد کیلئے بھاری سامان لے کر جانیوالے پہلے ہیلی کاپٹر اے سی 313 نے فضائی اہلیت کے تمام تجربات مکمل کر لئے ہیں ۔ یہ بات ہیلی کاپٹر بنانے والی کمپنی کے ذرائع نے بتائی ہے ۔چین کی ہوا بازی صنعت کی ذیلی کمپنی چانگ ہی ایئر کرافٹ انڈسٹری (گروپ ) کمپنی لمٹیڈ جس نے یہ طیارہ بنایا اور تیار کیا ہے کے مطابق انتہائی حالیہ آزمائشی پرواز شدید بارش میں مشرقی چین کے صوبہ جیانگ شی کے شہر جنگ ڈی جین میں کی گئی ، ہیلی کاپٹر نے کامیابی سے اڑان بھری اور 6منٹ کے اندر 0.03انچ سے زائد کی رسوبیت کے ساتھ زبردست بارش میں لینڈنگ کی ، اڑان بھرنے کے بعد اور لینڈنگ سے قبل ہیلی کاپٹر کو بارش میں خود کو فضائی اہلیت کا ثابت کرنے کے لئے 200 سے 500میٹر کی بلندی پر مقابلتاً تیز رفتار سے پرواز کرنی تھی۔ ہیلی کاپٹر ساز کمپنی کی ایک دستاویز کے مطابق نتائج مثبت رہے ، طیارے کے ایئر بورڈ نظاموں اور آلات نے معمول کے مطابق کام کیا اور ہوا باز کو صاف دکھائی دے رہا تھا ، اس طیارے نے اب فضائی اہلیت تمام معیاروں کو پورا کر لیا ہے، اے سی 313 نے اپنی اولین پرواز مارچ 2010ء میں جن ڈی جین شہر میں کی تھی ، اس نے 2010ء اور 2011 ء میں سطح مرتفع چنگ ہائی ۔تبت پر دوآزمائشی پروازیں مکمل کیں ، یہ ہیلی کاپٹر ہنگامی امدادی کارروائیوں ، جنگلات میں آگ پر قابو پانے ، ٹرانسپورٹیشن ، آف شور آپریشنز ، طبی امداد ،نظاروں اور کاروباری دوروں کیلئے موزوں ہے ۔