خبرنامہ انٹرنیشنل

چین میں عوام کو غربت سے نجات دلانے کا منصوبہ تیار

بیجنگ(ملت + آئی این پی) چین حکومت آئندہ پانچ سال کے دوران غربت کے خاتمے کیلئے مزید فنڈ فراہم کرے گی ، مرکزی حکومت اس مقصد کیلئے پسماندہ علاقوں میں ترقی اور غربت کے خاتمے کیلئے اضافہ شدہ رقوم منتقلی کرنا شروع کر دے گی ، مرکزی بجٹ میں سرمایہ کاری کیلئے مختص کی گئی رقوم غریبوں کی امداد کیلئے جاری کی جائیں گی ، اس پروگرام کا اعلان یہاں آج جاری ہونیوالے وائٹ پیپرمیں کیا گیا ہے ،غربت کیخلاف جدوجہد کیلئے حکومت نے خصوصی غربت مکاؤ پروگرام کیلئے 189.84ارب یوآن( تقرییاً28.17ارب امریکی ڈالر )گذشتہ پانچ سال میں خرچ کئے تھے جبکہ ان رقوم میں ہر سال 147.5فیصد کا اضافہ کیا جارہا ہے ،2015ء کے اختتام تک چین میں 55.75ملین افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کررہے تھے ۔ وائٹ پیپر کے مطابق حکومت کے منصوبے کے تحت 2020ء تک ان افراد کو غربت سے نجات دلا دی جائے گی ، گذشتہ 30سال کے دوران جب سے ملک میں اصلاحات اور کھلے پن کی پالیسی کا نفاذ ہوا ہے ،700ملین چینی افراد کو غربت سے نجات دلائی گئی ہے ، اقوام متحدہ کی 2015ء کی ایک رپورٹ کے مطابق 1990ء میں چین میں 61فیصد افراد غربت کی زندگی بسر کررہے تھے جبکہ 2014ء میں ان کی تعداد صرف 4.2فیصد رہ گئی ۔