خبرنامہ انٹرنیشنل

چین پاکستان کیساتھ تجربات کا عمل جاری رکھنے کا خواہش مند ہے

بیجنگ(ملت + آئی این پی) چینی کمیونسٹ پارٹی پاکستان اور دیگر ممالک کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے کے عمل کو جاری رکھنے کی خواہش مند ہے تا کہ نجی اور سرکاری سطح پر بہتر طرز حکمرانی کو فروغ دیا جا سکے ، چین اچھی حکمرانی،ملک کو کرپشن سے پاک اور لوگوں کے مفادات کیلئے کام کرنے کے حوالے سے دنیا بھر میں مثالی کردار بن چکا ہے ، دیگر ملکوں کے ساتھ بھی اس قسم کے تعلقات قائم کرنے کے لئے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے دیگر ممالک کے ساتھ بھی گذشتہ ہفتے چانگ کنگ میونسپلٹی میں مذاکرات کئے گئے ، اس دوروزہ اجلاس کے دوران چین کی کمیونسٹ پارٹی اور دیگر ممالک سے شرکت کرنے والی سیاسی جماعتوں نے بین الاقوامی اقتصادی حکمرانی کے بارے میں بات چیت اور تبادلہ خیال کیا ، اس اجلاس میں پچاس ملکوں سے ستر سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے 300 وفود نے شرکت کی جن میں پاکستان بھی شامل تھا ، کانفرنس کی کامیابی کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ چین کے جدیدیت اور چانگ کنگ منصوبے کو عالمی سطح پر بڑی پذیر ائی ملی ہے جس میں سیاسی پارٹیوں کے بین الاقوامی اقتصادی حکمرانی پر اثرات کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں ہانگ زو میں ہونیوالی جی 20-کانفرنس کی کامیابیوں کے بارے میں بھی مثبت خیالات کا اظہار کیا گیا ، یونائٹیڈ رشیا پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری سرجی زی لیزنیک نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی کی طرف سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ قریبی تعلقات کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور ان عملی مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ مذاکرات دونوں ملکوں کی بر سراقتدار پارٹیوں کے درمیان حکمرانی کی استعداد میں اضافے کا باعث بنتے ہیں ، چین کی کمیونسٹ پارٹی ملکی اقتصادی ترقی کی ذمہ دار ہے اور چین کی تیزی سے ہونیوالی ترقی طرز حکمرانی میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے اثرات ظاہر کرتی ہے ۔انہوں نے پارٹی ارکان پر چینی کمیونسٹ پارٹی کے سخت نظم و ضبط کی تعریف کی اور کہا کہ یہ روس اور دیگر ممالک کے لئے ایک مثال ہے کہ پارٹی ارکان پر کرپشن کے خاتمے کیلئے سخت ضابطہ اخلاق نافذ کیا جائے ۔سوڈان کے ڈپٹی سپیکر بدریہ سلیمان عباس حامد نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ مذاکرات کے دوران تمام پارٹیوں کے اہداف زیر بحث لائے گئے ہیں اور ان کا نتیجہ ٹھوس اقدامات کی شکل میں ظاہر ہو گا ، چین کو ترقی پذیر ممالک کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے چاہئیں تا کہ ان ملکوں کا بین الاقوامی اقتصادی حکمرانی میں کردار بہتر ہو سکے ، کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سانگ تاؤ نے دو روزہ اجلاس کے ا ختتام پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں شریک تمام پارٹیاں ان مذاکرات کی روشنی میں تعمیری کردار ادا کریں گی اور یہ اجلاس ایک ایسی کھڑکی ثابت ہو گا جس سے دنیا چین کے بارے میں بہتر طورپر جان سکے گی ، یہ اجلاس مختلف پارٹیوں کے رابطے کیلئے ایک پلیٹ فارم اور مختلف ثقافتوں کے درمیان مفاہمت پیدا کرنے اور تبادلہ خیال کیلئے پل کا کردار ادا کرے گا ،چینی کمیونسٹ پارٹی نے عالمی سطح پر جن مذاکرات کا آغاز کیا ہے اس کے ذریعے ہم تمام سیاسی پارٹیوں اور سیاستدانوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنے ملک کے مفاد اور انسانیت کی بہتری کیلئے کام کریں ،آپس میں تبادلہ خیال میں تیزی پیدا کریں ، اتفاق رائے اور تعاون میں اضافہ کریں اور عالمی اقتصادی حکمرانی کو سیدھے راستے پر ڈال دیں ۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی حوصلہ افزائی کریں تا کہ جدت پسندی ، ترقی اور اچھی حکمرانی کو فروغ حاصل ہو ۔انہوں نے کہا کہ جی20-کانفرنس کی کامیابی نے عالمی اقتصادی ترقی کو نئی توانائی فراہم کی ہے ، چین بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کے تحت عالمی معیشت کو توازن میں لانے کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے ، ان منصوبوں کا مقصد 2030ء کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے ۔