خبرنامہ انٹرنیشنل

چین کے تعمیراتی گروپ کی برازیلی صدر سے ملاقات

ریوڈی جنیرو (ملت+ آئی این پی ) تعمیراتی مشینری بنانے والے دنیا کے پانچویں بڑے چینی گروپ ایکس سی ایم جی کے صدر وانگ من نے گذشتہ روز برازیل کے صدر مائیکل تیمر سے ملاقات کی اور برازیل میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ، اس موقع پر وانگ من نے برازیل کے صدر کو بتایا کہ ان کی کمپنی برازیل کے درمیانی مغربی علاقے کو ملک کے دوسرے حصوں سے ملانے کیلئے ریلوے لائن کی تعمیر میں دلچسپی رکھتی ہے ، ہماری کمپنی برازیل میں دیگر منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنے کی خواہش مند ہے ، درمیانی مغربی علاقہ غلہ پیدا کرنے کے حوالے سے معروف ہے اس طرح اس علاقے کو دیگر علاقوں کے ساتھ منسلک کر نے سے برازیل میں اقتصادی ترقی کو فروغ حاصل ہو سکتا ہے ، ریلوے کا یہ منصوبہ بحرالکاہل کے ساتھ بھی برازیل کو منسلک کردے گا اور اس طرح اس کا ایشیاء اور دیگر سمندری ممالک سے رابطہ ہو جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ برازیل اس وقت بنیادی ڈھانچے کے باعث جن مسائل کا شکار ہے ہم انہیں بھی حل کر دیں گے ۔انہوں نے اس کے علاوہ بھی صدر کو کئی منصوبے پیش کئے جن میں ان کی کمپنی سرمایہ کار ی کر سکتی ہے۔برازیلی صدر نے وانگ من کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرنے کا وعدہ کیا ۔