خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کردی

واشنگٹن/نئی دہلی (ملت + آئی این پی) امریکی صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ امریکا کے صدر منتخب ہوگئے تو وہ پاکستان اور بھارت کے ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیں گے کیوں کہ تنازعات کی وجہ سے خطے میں کشیدگی ہے۔بھارتی اخبار ’’ ہندوستان ٹائمز ‘‘کو دیے جانے والے اپنے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کیتاہم اوباما انتظامیہ کی طرح ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی واضح کیا کہ وہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ثالثی اسی وقت کریں گے جب دونوں ملک انہیں ایسا کرنے کے لیے کہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستانہ ماحول دیکھنا چاہتا ہوں کیوں کہ یہ معاملہ بہت گرم ہے، اگر دونوں ملک دوستانہ ماحول میں ساتھ رہیں تو یہ بہت اچھا ہوگا اور مجھے امید ہے کہ وہ ایسا کرسکتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کشمیر کی موجودہ صورتحال کا بھی تذکرہ کیا جہاں 8 جولائی سے اب تک بھارتی سیکیورٹی فورسز 100 سے زائد کشمیری مظاہرین کوشہید کرچکی ہے جبکہ اڑی حملے کے تناظر میں بھی بات کی جس کی وجہ سے پاکستان اور بھارت مسلح تصادم کے قریب آگئے تھے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اس سلسلے میں کردار ادا کرنا چاہیں گے تو انہوں نے کہا کہ اگر ضروری ہوا تو میں ضرور اپنا کردار ادا کروں گا، اگر ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستی کا جذبہ پیدا کرسکیں تو یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہوگی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جنوبی ایشیا کی جوہری طاقت کے حامل دو ریاستوں کے درمیان کشیدگی میں کمی ایک بڑی کامیابی ہوگی اور اگر وہ چاہتے ہیں کہ میں ایسا کروں تو میں بطور ثالث کردار ادا کرنے میں خوشی محسوس کروں گا۔