خبرنامہ انٹرنیشنل

کسی قیمت پر ایٹمی ہتھیار ختم نہیں کریں گے، روس کا اعلان

کسی قیمت پر ایٹمی ہتھیار ختم نہیں کریں گے، روس کا اعلان

ماسکو:(ملت آن لائن) امریکا اور یورپ سے کشیدگی کے بعد روس نے ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی کے عالمی معاہدے پر دستخط نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ عالمی سلامتی اور استحکام کیلیے جوہری ہتھیار لازمی ہیں۔ ماسکو میں ٹی وی اور ریڈیو کو انٹرویو میں سرگئی لاروف کا کہنا تھاکہ امریکا، برطانیہ، فرانس اور دیگر یورپی ممالک کے ایٹمی ہتھیار استعمال کے لیے تیار ہیں یہ کھلی جارحیت ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس تو کیا کوئی اور ایٹمی طاقت بھی جوہری ہتھیار کبھی ترک نہیں کرے گی۔ لاروف نے کہاکہ ایٹمی ہتھیار ہی عالمی امن و سلامتی کی ضمانت ہیں۔ روس کسی بھی قیمت پر ایٹمی ہتھیار ختم نہیں کرے گا۔
……………………..
اس خبر کو بھی پڑھیے….ترک فوج نے شامی شہر عفرین کا کنٹرول سنبھال لیا

دمشق / انقرہ:(ملت آن لائن) ترک افواج اور حامی ملیشیا گروہوں نے شامی علاقے عفرین میں کرد باغیوں کو پسپا کرتے ہوئے عفرین شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ ترک فورسز گزشتہ 2 ماہ سے اس علاقے میں فوجی کارروائی میں مصروف تھیں۔ گزشتہ روز ترک افواج نے کامیاب پیش قدمی کرتے ہوئے شامی ڈسٹرکٹ عفرین کے وسطی شہر عفرین کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ شہر کے مرکزی علاقے میں ترک افواج نے ترکی کا پرچم لہرا دیا ہے۔
ادھر کرد باغیوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ عفرین کو ترک فورسز سے آزاد کروائیں گے۔ شامی کردوں نے کہا ہے کہ عفرین کی لڑائی کا ایک نیا باب شروع ہو گیا ہے۔ اب جنگجو براہ راست لڑائی کے بجائے گوریلا جنگ شروع کریں گے، گزشتہ 2 ماہ سے جاری اس لڑائی میں ترک افواج کو مقامی شامی ملیشیا گروہوں کا تعاون بھی حاصل تھا۔ عفرین کی اس لڑائی میں ڈھائی لاکھ شہری متاثر ہوئے ہیں ترک صدر نے عفرین شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کی تصدیق کردی ہے۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس دوران کرد جنگجو بڑے پیمانے پر ’’دم دبا کر بھاگ گئے‘‘ ہیں۔ اس کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے عندیہ دیا کہ اب ترک فورسز شمالی شام کے ایسے دیگر علاقوں میں بھی کارروائی کریں گی، جہاں کرد باغی فعال ہیں۔ دوسری طرف ترک حکومت کے ایک ترجمان نے بھی اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ہمارا کام ابھی ختم نہیں ہوا ہے تاہم عفرین میں دہشت گرد ختم ہو چکے ہیں۔