خبرنامہ انٹرنیشنل

ہم فلسطین اسرائیل دو ریاستی حل کے حامی ہیں، امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ

نیو یارک (ملت + اے پی پی) امریکا کی اقوام متحدہ میں سفیر نکی ہیلی کا کہنا ہے کہ امریکا مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے تاہم امن معاہدے کے لئے نئی راہوں کی تلاش جاری ہے۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق نکی ہیلی نے سکیورٹی کونسل میں مسئلہ فلسطین پر ایک میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا غلط ہوگا کہ امریکا اپنی دو ریاستی حل کی دہائیوں پرانی پالیسی کو چھوڑ دے گا۔ ہمیں دوریاستی حل کی حمایت ہر صورت کرنا ہے مگر ہم ساتھ ساتھ غیر روایتی حل کی تلاش میں بھی مصروف ہیں۔نکی ہیلی نے سیکیورٹی کونسل کے چیمبر کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اپنے اس بیان کو تین مرتبہ دہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو مذاکرات کی ٹیبل کے اوپر لانا چاہتے ہیں تاکہ مذاکرات کا ایک نیا دور شروع ہوسکے اور وہ ڈرائنگ بورڈ پر نئی سوچ کے ساتھ آ بیٹھیں۔