خبرنامہ انٹرنیشنل

یمنی حکومت کا امن مذاکرات منقطع کرنےکااعلان ،اقوام متحدہ کی مذمت

صنعاء:(آئی این پی) خانہ جنگی کی لپیٹ میں آئے ہوئے ملک یمن میں حکومت نے حوثی باغیوں کے ساتھ جاری امن مذاکرات منقطع کرنے کا اعلان کردیا، اس سے پہلے حوثی باغیوں نے ملک پر حکومت کرنے کے لیے ایک سپریم کونسل کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق یمن میں حکومت نے حوثی باغیوں کے ساتھ جاری امن مذاکرات منقطع کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب اسماعیل ولد شیخ احمد نے کہا کہ حوثیوں کا یہ اقدام امن عمل کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر دو ہزار دو سو سولہ کی بھی خلاف ورزی ہے۔ اس قرارداد میں حوثی باغیوں سے 2014 کی پوزیشنوں پر واپس چلے جانے اور اپنے ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ تمام یمنی ریاستی اداروں کو بھی صدر عبد ربو منصور ہادی کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے حوالے کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ اس سال اپریل سے کویت میں جاری امن مذاکرات میں گزشتہ کئی ہفتوں سے کوئی پیشرفت دیکھنے میں نہیں آ رہی تھی۔