خبرنامہ انٹرنیشنل

سعودی عرب میں اسکرٹ پہن کر گھومنے والی ماڈل گرفتار

ریاض(ملت آن لائن)سعودی عرب میں مِنی اسکرٹ پہن کر مٹر گشت کرنے والی ماڈل کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سماجی رابطوں کی ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ پر ماڈل خلود کے اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں ایک خاتون کو سیاہ اسکرٹ پہنے سعودی دارالحکومت ریاض کے تاریخی علاقے اشیقر میں ایک قلعے میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سعودی حکومت پر خاتون کی گرفتاری اور اس پر مقدمہ چلانے کے لیے دباؤ بڑھ رہا تھا اور سعودی شہری اس خاتون پر شدید تنقید کررہے تھے۔ شکایات موصول ہونے کے بعد سعودی پولیس نے خاتون کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے اس کی تلاش شروع کردی اوربالآخر اسے گرفتار کرلیا گیا ۔

گرفتاری کے بعد خاتون کا کہنا تھا کہ اُس نے کوئی ویڈیو اپ لوڈ نہیں کی اور اگر ویڈیو اپ لوڈ ہوئی ہے تو ایسا ان کی مرضی کے بغیر کیا گیا،خاتون نے یہ بھی کہا کہ اسنیپ چیٹ کے جس اکاؤنٹ سے ویڈیو شیئر کی گئی وہ بھی ان کا نہیں ہے۔

سعودی پولیس نے اس کیس کو پبلک پروسیکیوٹر آفس بھیج دیا ہے جو خاتون کے خلاف کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں اسلامی قوانین نافذ ہیں اور خواتین کو محرم کے بغیر عوامی مقامات پر جانے، غیر مہذب لباس پہننے اور سر کھول کر چلنے پر پابندی عائد ہے۔