خبرنامہ کشمیر

نئے بجٹ میں درجنوں نئے منصوبہ جات رکھے گئے ہیں

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) آزادکشمیر کے وزیر خوراک سید شوکت شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے بہترین گڈ گورننس، بہتر مالیاتی سسٹم اورمحکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کے نفاذ کا اجراء کر کے آزادکشمیر کے عوام کو تحفہ دیا ہے ۔نئے بجٹ میں درجنوں نئے منصوبہ جات رکھے گئے ہیں ۔ پہلی بار بجٹ عوامی آراء سے بنایاجارہاہے ۔ یہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا پہلا بجٹ ہے ۔ وہ آج یہاں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے گڈ گورننس کا بیڑہ غرق کر کے مالیاتی سسٹم کو ٹہس نہس کردیا تھا ۔ اقرباء پروری اور جیالا نوازی کا دور دورہ تھا ۔ ہم نے جب حکومت سنبھالی تو 22کروڑ روپے کا مالی خسارہ تھا ۔ اس کے علاوہ مختلف محکموں سے پیسے نکال کر خرچ کردئے گئے تھے۔ ہماری حکومت نے آٹھ ماہ کے دوران صحت، تعلیم اور دوسرے تمام شعبوں میں بہتری لائی ہے ۔ این ٹی ایس کا نفاذ کر کے آزادکشمیر کے غریب نوجوانوں پر ملازمتوں کے دروازے کھول دیئے ہیں ، محکمہ صحت میں 24گھنٹے مفت ایمرجنسی اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں ۔ اس کے علاوہ کمیونٹی انفراسٹرکچر پروگرام کے تحت پہلی بار سڑکوں اور دوسرے منصوبوں پر کام ہورہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی ذمہ دار پیپلزپارٹی ہے ۔ وہ شملہ معاہدہ میں مسئلہ کشمیر کوباہمی دو طرفہ مسئلہ کا معاہدہ نہ کرتی تو آج کشمیر کی صورتحال مختلف ہوتی۔ مقبوضہ کشمیر کی اس نازک صورتحال پر اسی ماہ اسمبلی کااجلاس بلایاجارہا ہے ۔ وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جتنی محنت کررہے ہیں ، ان کی یہ محنت رنگ لائے گی اور کشمیری عوام آزادی کی منزل حاصل کرکے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن کے دورمیں پیپلزپارٹی کو ایکٹ 74ء کی تبدیلی کیلئے ترامیم کی حمایت کی تھی لیکن وہ ایکٹ 74ء میں تبدیلی نہیں لاسکی ۔ ہم نے پہلی بار ایکٹ 74ء میں تبدیلی کیلئے کام کررہے ہیں اور اس کا جلد فیصلہ ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے بگڑے ہوئے نظام کو سیدھا کرنے کیلئے دن رات محنت کی اور اب ہم نے آزادکشمیر میں گڈ گورننس قائم کردی ہے ، این ٹی ایس کے نفاذ سے پڑھے لکھے اور بے وسیلہ نوجوانوں کو روزگار ملے گا ۔ اور آئندہ سال کے بجٹ میں بہت سارے نئے منصوبے رکھے جارہے ہیں جس سے آزادکشمیر کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی ۔