خبرنامہ کشمیر

پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر اپنی پارٹی کے یوتھ ونگ کی مقروض ہے

کوٹلی (ملت + آئی این پی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد کشمیر کے مرکزی دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر اپنی پارٹی کے یوتھ ونگ کی مقروض ہے آج آزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت یوتھ ونگ کے نوجوانوں کی مرہون منت ہے پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ پارٹی کا دست و بازو ہے آزاد حکومت کی ترجیحات میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے ریاست کی تاریخ میں محکمہ تعلیم میں NTS کا اجراء کسی بھی سیاسی پارٹی کا بڑا کارنامہ ہے آزادانہ پبلک سروس کمشن کا قیام بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے آج ریاست میں ایک ایسا نظام قائم ہو چکا ہے جسکی بنیاد پر غریب کا بیٹا بھی اپنی قابلیت کی بنیاد پر ملک کے اعلیٰ عہدہ پر فائز ہو سکتا ہے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ان خیالات کا اظہار یوتھ ونگ کے مرکزی دفتر کے دورہ کے موقع پر کیا جبکہ وزیر اطلاعات و سیاحت مشتاق احمد منہاس بھی اس موقع پر انکے ہمراہ تھے وزیراعظم نے کہا کہ قائد جماعت وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اپنے یوتھ پرگرام کے تحت ریاست کے نوجوانوں کو بھی دیگر صوبہ جات کے مساوی سہولیات مہیا کر کے تقسیم و تفریق کے فارمولا کو یکسر مسترد کر دیا آج لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ریاست کے ہزاروں ہونہار طلباء و طالبات مستفید ہو چکے ہیں ری ایمبرسمنٹ سکیم اور سکل ڈویلپمنٹ پروگرام سے نوجوان مستفید ہو رہے ہیں وزیراعظم نے کہا کہ بطور وزیراعظم آزاد کشمیرجو میری صوابدید ہے وہ لیگی نوجوانوں کو ہی ملے گی یہی وجہ ہے کہ یوتھ ونگ کے تمام ضلعی صدور کو میں نے DPO تعینات کیا ہے نوجوانوں کا ابھی کام ختم نہیں ہوا بلدیاتی انتخابات میں بھی پاکستان مسلم لیگ ن کا پارٹی پرچم لیگی نوجوانوں کے ہاتھ ہو گا نوجوانوں کو بلدیاتی انتخابات میں 25 فیصد نمائندگی دی جائیگی اس موقع پر صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد کشمیر محمد حنیف ملک نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان ،وزیراطلاعات و سیاحت مشتاق منہاس اور وزیر مال سردار فاروق سکندر حیات کا مرکزی دفتر یوتھ ونگ آمد پر شکریہ ادا کیا۔