خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیاں میں دو اورکشمیری نوجوان شہید

بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیاں میں دو اورکشمیری نوجوان شہید
سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع شوپیاں میں دو اور نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نوجوانوں کو ضلع کے علاقے وان پورہ میں گزشتہ شام تلاشی اور محاصرے کی ایک پر تشددکارروائی کے دوران شہید کیاگیا۔ نوجوانوں کی میتیں علاقے میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے تباہ کئے گئے ایک مکان کے ملبے سے ملی ہیں۔ ھارتی فوج کے ایک اہلکار نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان عسکریت پسندتھے جنہیں ایک جھڑپ کے دوران قتل کیاگیا ہے ۔ادھرضلع شوپیان کے متعدد دیہات میں بھارتی فورسز نے کریک ڈاؤن آپریشن کے دوران لوگوں کو گھروں سے نکال کر کئی گھنٹے تک ٹھٹھرتی سردی میں کھڑے کر تلاشی کی کارروائی کی۔ بھارتی فوج 62اور34راشٹریہ رائفلز کے علاوہ سینٹرل ریزروپولیس فورس کی مختلف بٹالینوں کے علاوہ پولیس اور ٹاسک فورس ونگ سے وابستہ سینکڑوں اہلکاروں نے پہاڑی ضلع شوپیاں کے متعدد دیہات بشمول چھتری پورہ ، وہل ، نوگام ، پانڈو چھن ، کاپرن ، رے کاپرن، دنگام ، ونگام کا محاصرہ کرکے بڑے پیمانے پرگھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کی اور ٹھٹھرتی سردی میں لوگوں کو گھروں سے باہر نکلا کر پوچھ گچھ کی۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے اس کریک ڈاؤن کے دوران کسی بھی شخص کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ضلع بانڈی پو ر ہ کے گاؤں چندرگیر میں بھی بھارتی فوج اور ٹاسک فورس کے اہلکاروں نے تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کی ۔