خبرنامہ کشمیر

تحریک حریت کی پارٹی رہنما کے گھر پر بھارتی پولیس کے چھاپے کی مذمت

سرینگر : (ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر نے پارٹی کے غیر قانونی طور پر نظر بند رہنما عبدالغنی بٹ کے گھر پر بھارتی پولیس کے چھاپے اور اہلخانہ کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے ایک بیان میں بھارتی پولیس کی کارروائی کو سیاسی انتقام کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مذموم کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس نے تحریک حریت ضلع اسلام کے صدر میر حفیظ اللہ اور تحصیل صدر محمد شفیع وگے پر بھی کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر دیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ پولیس نے ضلع سونا واری کے علاقے شاہ گنڈ کے رہائشی بھائیوں منظور احمد ڈار اور نذیر احمد ڈار کو بھی غیر قانونی طور پر گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی پولیس عدالتی احکامات کے باوجود غیر قانونی طو رپر نظر بند افراد کو رہا نہیں کر رہی ۔