سیدعلی گیلانی کی ذہنی طورپر معذور شہری کے قتل کی مذمت
سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے آستان پورہ سویہ بُگ کے بزرگ شہری سید حبیب اللہ کے بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بربریت اور سفاکیت قراردیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں سے عام کشمیریوں کے جان ومال اورعزت و آبرو کو سنگین خطرہ لاحق ہے اور انہوں نے نہتے کشمیریوں پر اپنی بندوقوں کے دھانے اس طرح کھول رکھے ہیں جیسے کہ وہ ایک شکار گاہ میں شوقیہ شکار کھیل رہے ہوں ۔ سیدعلی گیلانی نے بزرگ شہری سید حبیب اللہ کو براہ راست فائرنگ کرکے قتل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کی غیر جانبدار انہ تحقیقات کرانے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ سے مرحوم کوی بلندی درجات کیلئے دعا کی ۔انہوں نے بھارتی فوج اور پولیس کے وضاحتی بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان قاتلوں کو بچانے کیلئے دیئے جاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج تک نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے کسی بھی سانحے کے متاثرین کو نہ تو انصاف مل سکا ہے اور نہ کسی قاتل کو قانون کے کٹہرے تک لایاگیا ہے ۔حریت چیئرمین نے ذہنی طورپر معذور بزرگ شہری کے قتل کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کشمیر کی آزادی کی تحریک کو کچلنے کیلئے نہتے شہریوں کونشانہ بنارہی ہے اور سرکاری دہشت گردی کا یہ سلسلہ دہائیوں سے جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانیت کے قاتل اور سرکاری دہشت گردی میں ملوث اہلکاروں سے کوئی باز پُرس کی جاتی ہے اور نہ انکی جوابدہی کا نظام رائج ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے عام کشمیریوں کے خلاف اعلانِ جنگ کررکھا ہے اور وہ ایک منصوبہ بند طریقے پر انہیں قتل کررہی ہیں۔سیدعلی گیلانی کی ہدایت پر حریت کانفرنس کے ایک وفد نے سویہ بگ جا کر سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔حریت رہنماؤں آغاسید حسن الموسوی الصفوی اور محمد مصدق عادل نے اپنے بیانات میں سیدحبیب اللہ کے بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ذہنی طورپر معذور حبیب اللہ کو کشمیری ہونے کی سزا دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں حبیب اللہ کا قتل اپنی نوعیت کا کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ کشمیر میں تعینات قابض فورسز بڑی تعداد میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث ہے ۔جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے ایک بیان میں بڈگام کے بزرگ شہری کے بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وادی کشمیرمیں جنگل کا قانون رائج ہے اورطاقت کے نشے اور گھمنڈ میں چور بھارتی فوجیوں کیلئے کشمیر میں انسانی جانوں کی کوئی اہمیت نہیں! پھٹے پرانے کپڑوں میں ملبوس،ایک بیمار شخص بھی اب انہیں برداشت نہیں ہوتا اوروہ بلاکسی جھجھک کے اسے فائرنگ کا نشانہ بناتے ہیں ۔ جموں وکشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی اور جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے وفود نے سویہ بگ جاکر سید حبیب اللہ کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے وفد کی سربراہی انجینئر فاروق خان جبکہ سالویشن موومنٹ کے وفد کی قیادت جاوید بابا کر رہے تھے ۔