شہید کشمیری نوجوانوں کی تحقیقات کا مطالبہ؛حریت فورم
سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں میرواعظ عمرفاروق کی زیر قیادت حریت فورم نے بھارتی ریاست راجستھان میں پھلوں کے 19سالہ تاجر زاہد احمد بٹ کے پراسرار قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ ایک طرف کشمیری اپنی سرزمین پر غیر محفوظ ہیں کیونکہ انہیں بلا لحاظ عمر و جنس قتل ، گرفتار،معزور اور اندھا بنایا جارہا ہے اور دوسری طرف بھارت میں تجارت کرنے والوں کو آسان ہدف بناکر بے رحمی سے قتل کیا جارہا ہے۔ زاہد احمدکو چند روز پہلے راجستھان میں ایک کمرے میں مردہ پایا گیا تھا۔ فورم نے کہاکہ کشمیری طلباء ، تاجروں اور عام کشمیریوں کو بھارت کی مختلف ریاستوں میں نشانہ بنایا جارہا ہے اور مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے زاہد احمد کے قتل کو خودکشی کا رنگ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بھارت کی مختلف ریاستوں کے سربراہوں کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام کشمیری طلباء، تاجروں،پھلوں کے ڈیلروں اورقالین بیچنے والوں کو مناسب تحفظ فراہم کریں۔
خبرنامہ کشمیر
شہید کشمیری نوجوانوں کی تحقیقات کا مطالبہ؛حریت فورم
