سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کشمیر یوں سے نام نہاد پارلیمانی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگناہ شہریوں کے قاتل ہرگز عوام کے نمائندے نہیں ہوسکتے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام اپنے بچوں کے قاتلوں کو بھول نہیں سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پیلٹ اورگولی میں یقین رکھتے وہ قاتل تو ہو سکتے ہیں لیکن نمائندے نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے ہاتھ بیگناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور پوری عالمی برادری بغور دیکھ رہی ہے کہ کشمیری عوام اپنے قاتلوں کے ساتھ کیا سلوک کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کوئی قوم اپنے بچوں کے قاتلوں کو اپنے نمائندوں کے طور پر انتخاب نہیں کرتی اور نہ ہی ان لوگوں کی پذیرائی کرتی ہے جنھوں نے بچوں کو اندھا بنانے کی ٹھان لی ہو۔انھوں نے پارلیمانی انتخابات کو جنوبی کشمیرووسطی کشمیر کے علاقوں کے لوگوں کے لیے ایک امتحان اور آزمائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان نام نہاد عناصر کو ووٹ دینے سے پہلے ان لوگوں کو یاد کرنا چاہئے جنھیں بلا وجہ قتل اور عمر بھر کے لئے بینائی سے محروم کیا گیا ۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ کشمیری اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے قاتل ٹولے کو منہ توڑ جواب دیں گے ۔یاد رہے کہ سرینگر اور اسلام آباد کے حلقوق میں نام نہاد پارلیمانی ضمنی انتخابات اپریل میں ہو رہے ہیں۔
خبرنامہ کشمیر
قاتل عوام کے نمائندے نہیں ہوسکتے، شبیر
