سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کی طرف سے جموں و کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قررار دینے کومضحکہ خیزقرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موہن بھاگوت یا کسی کے کہنے سے تاریخ ہر گز نہیں بدل سکتی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھاگوت کی جموں میں تقریر سے ثابت ہوتا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا دو قومی نظریہ اصولوں پر مبنی تھا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری لیڈروں کو دھمکیاں دینے سے کشمیری ہرگز مرعوب نہیں ہونگے اور ہر ہندوستانی کو یہ بات سمجھنی ہوگی کہ جموں و کشمیر میں رائے شماری کا مطالبہ کرنا ہر گز علیحد گی پسندی نہیں اور اگر ہندوستانیوں کی نظروں میں ایسا ہی ہے تو ہر کشمیری علیحد گی پسند ہے۔واضح رہے کہ ہندوانتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)کے سربراہ موہن بھاگوت نے جموں میں آر ایس ایس کے رضاکاروں (سوئم سیوکوں)اور نام نہاد اسمبلی کے اراکین اور وزراء سمیت بی جے پی کے لیڈروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاتھا کہ ہندوستان ایک ’ہندو راشٹر‘ ہے اور اس میں علیحدگی پسندی کیلئے کوئی جگہ نہیں اور جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے ۔
خبرنامہ کشمیر
موہن بھاگوت یا کسی اور کے کہنے سے تاریخ تبدیل نہیں ہو سکتی: انجینئر رشید
