خبرنامہ کشمیر

کٹھوعہ میں خوف و ہراس کا ماحول قائم کر رکھا ہے، حریت

تحریک حریت

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے جموں کے علاقے کٹھوعہ میں مسلمانوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ فسطائی عناصر مسلمانوں سے انتقام لینے اور اپنی نفرت کی پیاس بجھانے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک سرینگر میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کے عرس کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتہاپسند ہندو جنونیوں نے کٹھوعہ میں خوف و ہراس کا ماحول قائم کر رکھا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے ایک بیان میں کٹھوعہ میں مسلم بستی پر انتہا پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس کے غنڈو کے حالیہ حملے پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ المیہ یہ ہے کہ پولیس مظلوموں کے تحفظ کے بجائے حملہ آوروں کی پشت پناہی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کے مسلم اقلیتی علاقوں میں اس طرح کے حملے روز کا معمول بن چکے ہیں اور ان کا مقصد مسلمانوں کو خوفزدہ کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ان واقعات کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ نعیم خان نے جموں کے مسلمانوں سے کہا کہ وہ ایسے مکروہ عزائم اور منصوبوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد اور منظم ہوجائیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت فرقہ پرست قوتوں اور جموں وکشمیر میں اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ نے مسلمانوں کے قتل عام کو جائز قراردیدیا ہے ۔ بیان میں کہاگیا کہ بھارتی حکومت ووٹ بینک بڑھانے کی غرض سے ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے مسلمانوں کے قتل عام کیلئے فسطائی قوتوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے کیونکہ اقتدار میں آنے کیلئے مسلمانوں کا خون بہانا ضروری ہے ۔