خبرنامہ کشمیر

آسیہ اندرابی کی مسلسل نظربندی کی شدید مذمت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت نے پارٹی کی سربراہ آسیہ اندرابی کو مسلسل گھر میں نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ حریت رہنماء گزشتہ ماہ جیل سے رہائی کے بعد سے مسلسل گھر میں نظربند ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی جنرل سیکرٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے 21دسمبر کو بارہمولہ جیل سے رہائی کے فورا بعدآسیہ اندرابی کو گھرمیں نظربند کردیا تھا جس کے بعد سے وہ مسلسل نظر بندہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ کی تمام سیاسی سرگرمیوں اور نقل و حرکت پر پابندی عائد ہے اور مسلسل گھر میں نظربندی کی وجہ سے ان کی صحت تیزی سے بگڑ ررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دمے کے مرض میں مبتلا ہیں اور مسلسل نظربندی اور علاج معالجے سے محرومی کی وجہ سے ان کی صحت تیزی سے گر رہی ہے ۔ناہیدہ نسرین نے بھارت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کو خبردار کیاکہ اگر ان کے ساتھ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری ان پر عائد ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ آسیہ اندرابی کی زندگی سے کھلواڑ کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ناہیدہ نسرین نے بانڈی پورمیں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان کوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں ۔