خبرنامہ کشمیر

افضل گورو اور مقبول بٹ مجرم نہیں تھے،بھارت کا دہرا معیار بے نقاب ہو گیا،عبدالرشید

سرینگر ۔ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے کہا ہے محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کو انکی شہادت کی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ کوئی مجرم نہیں تھے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجینئر عبدالرشید نے ہندواڑہ اور لنگیٹ میں مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس سوال کا جواب بھارت اوراس کے پالیسی سازوں کو ضرور تلاش کرنا چاہیے کہ کیا دونوں رہنماؤں کو تختہ دار پر چڑھانے سے اْن کا سیاسی فلسفہ ختم ہوا ہے یا وہ کشمیر کی ہر نسل میں گھر کر گیا ہے؟انہوں نے محمدافضل گورو اور محمد مقبول بٹ کو اْن کی برسیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ’’ اگرقانون کے مطابق ان دونوں کشمیریوں کی پھانسی نا گزیر تھی تو ایسے سینکڑوں بھارتی فوجی افسروں کے خلاف کوئی کاروائی کیوں نہیں کی جاتی جنہوں نے گذشتہ 25 برس کے دوران دن دہاڑے ہزاروں کشمیریوں کاقتل عام کیا یا حراست کے دوران انہیں لاپتہ کردیا۔ انہوں نے کہاکہ ا س عرصے کے دوران مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ایک لاکھ سے زائد نہتے کشمیریوں کو قتل کیا تاہم جدوجہد آزاد ی کشمیر جاری رکھنے کے جرم میں دو کشمیریوں کو جھوٹے الزامات کے تحت پھانسی پر چڑھانا اور انکی میتوں کو ان کے اہل خانہ کے حوالہ نہ کرنے سے بھارت کا دہرا معیار بے نقاب ہوگیا ہے ۔