خبرنامہ کشمیر

اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کا کوٹلی میں ایل او سی کا دورہ، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج کے مطابق اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور بھارتی فوج کی فائرنگ سے متاثرہ ہونے والوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کےمطابق اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ نے کوٹلی کے قریب لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے متاثر ہونے والے شہریوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق مبصر گروپ کو زمینی حقائق سے آگاہ کیا گیا اور سرحدی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کو بتایا گیا کہ رواں سال بھارتی فوج نے سیز فائر کی 178 بار خلاف ورزی کی جس میں فائرنگ سے 19 افراد شہید اور 80 زخمی ہوگئے۔ ترجمان کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے ورکنگ باؤنڈری پر 8 شہید اور 51 زخمی ہوئے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے مبصرین نے کوٹلی اسپتال میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر بریگیڈ کمانڈر بھی ان کے ہمراہ تھے جب کہ مبصرین کو ایم ایس نے بریفنگ بھی دی۔