خبرنامہ کشمیر

انتظامیہ آئین و قانون کی دھجیاں اڑ رہی ہے ، یاسین

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کو جسمانی و ذ ہنی تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض انتظامیہ مقبوضہ علاقے میں آئین و قانون کی دھجیاں اڑانے رہی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ انکی تنظیم کے نائب چےئرمین شوکت احمد بخشی ، تنظیم کے ضلع بارہمولہ کے صدرعبدالرشید مغلو، نور محمد کلوال ، بشیر احمد کشمیری، بشیر احمد راتھر المعروف بویا، فیاض احمد، شبیر احمد گنائی ، مولوی ریاض احمد ،مشتاق احمد میر ،اسدللہ شیخ ، محمد اسحاق ملک ،صاحب خان اور غلام محی الدین کی غیر قانونی نظر بندی کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے طول دیا جا رہا ہے ۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ عدالتیں کئی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کے احکامات دے چکی ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری نظر بند وں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔