خبرنامہ کشمیر

انسانی حقو ق تنظیمیں آسیہ اندرابی کی حالت زار کا جائزہ لینے کیلئے اپنی ٹیمیں تہار جیل بھیجیں، کشمیر بار ایسوسی ایشن

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی دیگر ساتھیوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کی نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل منتقلی اور اْن کے اہل خانہ کو اْن سے ملاقات سے روکنے پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بار ایسوسی ایشن کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیا ن میں کہا ہے کہ جن نظربندوں کے خلاف مقدمات زیر سماعت ہیں انہیں انکے اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت نہ دینا سپریم کورٹ کے قوائد کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قید نظربندوں کے حقوق انکے خلاف مقدمات کی سماعت کے دوران ختم نہیں ہوتے ،بلکہ انہیں تمام حقوق حاصل رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق جیلوں میں نظربند کشمیری خواتین کو تہاڑ جیل میں اْن کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے کی اجازت دینی چاہئے ،اور ملاقات کی اجازت نہ دینا غیر اخلاقی اور غیر قانونی عمل ہے۔ ترجمان نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کی حالت زار کا خود جائزہ لینے کیلئے اپنی ٹیمیں تہا ڑجیل کے دورے پر بھیجیں۔