خبرنامہ کشمیر

اوقاف سے وی آئی پی کلچر ختم کر دیا گیا ہے‘وزیر اعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد(آئی این پی)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ اوقاف سے وی آئی پی کلچر ختم کر دیا گیا ہے ۔ تمام عقیدت مندوں کے ساتھ مساوی سلو ک کیا جارہا ہے ۔ آمدن و خرچ میں توازن پیدا کرکے محکمہ اوقاف کو ایک فعال ادارہ بنا دیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے محکمہ اوقاف کے میزانیہ مالی سال 2015-2016 کے سلسلہ میں منعقدہ اوقاف بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری اوقاف سیدنظیر الحسن گیلانی نے میزانیہ مالی سال 2015-2016 پیش کرتے ہوئے کہا کہ اوقاف واحد سرکاری محکمہ ہے جو حکومت سے کسی قسم کی امداد نہیں لیتا ۔اپنے وسائل سے ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات کے علاوہ غرباء و مساکین کی امداد ،مساجد کی تعمیر ، خصوصی بچوں کے ادارہ جات ،زائرین کو رہائش او طعام کی سہولیات کے لیے فنڈزمہیا کررہا ہے ۔ اجلاس میں وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری محمد آفسرشاہد ، پرنسپل سیکرٹری احسان خالدکیانی ، ایڈیشنل سیکرٹری مالیات جمعہ خان ، ناظم اعلیٰ اوقاف نوید مسعود شیخ ، ناظمین اوقاف سردار طارق محمود ، مقصود حسین عباسی ، ایگزیکٹیو انجینئر گل جاوید بٹ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر خادم حسین حیدری ، بجٹ آفیسر اوقاف قاضی ظہیر احمد نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مالی سال 2015-16 کے 30 کروڑ 40 لاکھ روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی ۔ جس میں تعمیرات کے لیے 2 کروڑ 32 لاکھ روپے ، مالی امداد برائے نادار افراد 50 لاکھ روپے ، مساجد کی تعمیر کیلئے 30 لاکھ روپے ، تجوید القرآن ٹرسٹ کیلئے 5 لاکھ روپے ، سیرت کانفرنس کیلئے 15 لاکھ روپے ، خصوصی بچوں کے ادارہ جات کے لیے 30 لاکھ مختص کیئے گئے ہیں ۔ بجٹ کا خسارہ محفوظ سرمایہ سے ادا کیا جائے گا ۔وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے ہدایت کی کہ وقف پراپرٹی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور اس کے وسائل سے عقیدت مندوں کو مزید سہولیات بہم پہنچائی جائیں ۔