خبرنامہ کشمیر

ایس اے آر گیلانی کو گرفتار اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنا انتقام ہے: سید علی گیلانی

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی نے سید عبدالرحمان گیلانی کو گرفتار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا کوئی آئینی یا قانونی جواز نہیں ہے اور یہ آزادئ اظہارِ رائے کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں سیّد عبدالرحمان گیلانی اور یونیورسٹی کے طالب علموں کی فوری رہا ئی کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جمہوری اور سیکولر ملک ہونے کے دعوے روز بروزبے نقاب ہوتے جارہے ہیں اور یہ ملک ایک عدمِ برداشت والا ہندو راشٹر بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرحمان گیلانی اعلیٰ پائے کے اسکالر اور ایک معروف انسانی حقوق کے کارکن ہیں اور وہ کشمیری قوم پر ڈھائے جارہے مظالم کو اُجاگر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کے ساتھ دلچسپی رکھنے پر عبدالرحمان گیلانی کو پہلے بھی گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا گیا اور ان پر سنگین الزامات لگائے گئے تھے لیکن عدالت نے انہیں بے گناہ ثابت ہونے کے بعد رہا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایس اے آر گیلانی کو گرفتار کرنا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنا محض انتقام گیری ہے اور بھارت کی فرقہ پرست حکومت انہیں کشمیری اور مسلمان ہونے کی سزا دینا چاہتی ہے۔ حریت چےئرمین نے کہا کہ جس واقعے کو بنیاد بناکر انہیں گرفتار کیاگیا ہے وہ ایک اکیڈ مک نوعیت کی تقریب تھی اور اس میں کسی قسم کی پرتشدد کاروائی عمل میں نہیں آئی تھی۔ انہوں نے انسانی حقوق کے تمام اداروں سے اپیل کی کہ وہ عبدالرحمان گیلانی کی غیر قانونی گرفتاری کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ان کی فوری رہائی کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔ دریں اثنا ء سید علی گیلانی نے بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے اس بیان کو بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیا ہے جس میں انہوں نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں پیش آئے واقعے کو پاکستان اور حافظ سعید کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ کشمیری رہنما نے کہا کہ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں طلباء نے کشمیری قوم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا اور اس موقعے پر کچھ نعرے بلند کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرکے پاکستان کے ساتھ جوڑنے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے اور اس سے ثابت ہوجاتا ہے کہ بھارتی حکمران اپنی جنونی سیاست کے خول سے باہر نہیں آرہے ہیں۔ سید علی گیلانی نے اسلام آبادمیں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ہاتھوں ایک طالب علم کو عمارت سے گرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث اہلکاروں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز ہر ممکن طریقے سے کشمیریوں پر مظالم ڈھارہی ہیں اور وہ نوجوانوں کو خاص طور پر نشانہ بنارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عمل میں لائی جارہی ہیں اور ان کوریاستی دہشت گردی کے سوا کوئی نام نہیں دیاجاسکتا ہے۔