خبرنامہ کشمیر

باغ جماعت اسلامی کا مضبوط قلعہ ہے اس کو اور مضبوط کیا جائے‘ عبدالرشید ترابی

باغ(آئی این پی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ باغ جماعت اسلامی کا مضبوط قلعہ ہے اس کو اور مضبوط کیا جائے،مارچ میں آزاد کشمیر اور مہاجرین کے تمام حلقوں میں ورکر کنونشن کی بھرپور تیاری کی جائے،مارچ میں حلقہ وسطی باغ میں تاریخ ساز ورکر کنونشن کیا جائے گا جس کے لیے ڈور ٹو ور عوام رابطہ مہم کو تیز کیا جائے حلقہ وسطی باغ میں 10ہزار نئے ممبر بنائے جائیں،فرسودہ نظام اپنی طبعی مدت پوری کر چکا ہے اب یہ برقرار نہیں رہ سکتا ،میرٹ پامال کر کے دھڑا دھڑ جیالا نوازی میرٹ کا قتل ہے ،آمدہ انتخابات اہمیت کے حامل ہیں جو تحریک آزادی کشمیر اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بنیادی کردار ادا کریں گے ،لاکھوں بوگس ووٹوں کو ختم کر کے نادرا ریکارڈ کے مطابق ووٹر فہرستیں مرتب کی جائیں ،چیف الیکشن کمشنر آل پارٹیز کانفرنس بلا کر انتخابات کا ضابطہ اخلاق طے کروائیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر ضلع نثار احمد شائق سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حلقہ وسطی باغ میں ذمہ داران کارکنان اور حامیان بھرپور عوام رابطہ مہم چلائیں نئے لوگوں کو جماعت میں شامل کریں موثر افرادتک دعوت پہنچائیں ،فرسودہ اور کرپٹ نظام اپنی طبعی مدت پوری کرچکا ہے ادارے تباہ کر دئیے گئے ہیں کرپشن رشوت اور اقرباپروری نے معاشرے کی چولیں ہلا دی ہیں ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکن پوری طاقت کے ساتھ میدان میں نکلیں اور اس نظام کو بدلیں ان سارے مسائل کا حل دیندار اور با صلاحیت قیادت ہی ہے ،تحریک آزادی کشمیر جس مرحلے پر ہے اس کا تقاضا بھی ہے کہ بیس کیمپ میں ایسی حکومت قائم ہو جو تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچا سکے ،انہوں نے کہا کہ آمدہ انتخابات اہمیت کے حامل ہیں جماعت اسلامی کے کارکن ان کو چیلنج سمجھیں جماعت اسلامی موثر پارلیمانی رول حاصل کرے گی انہوں نے کہا کہ اہداف کے حصول کے لیے کارکن اپنے گھروں سے نکلیں ۔