خبرنامہ کشمیر

بربریت کا شکار کشمیریوں کی مکمل معلومات آفیشل ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات پروزارت خارجہ‘ 8جولائی سے 27ستمبر تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے برہان وانی سمیت دیگر شہیداء اور زخمیوں ‘چھرے والی گن سے آنکھیں ضائع ہونے اور شدید زخمی ہونے والے کشمیری بچوں سمیت بھارتی افواج کی بربریت کا شکار ہونے والے کشمیریوں کی مکمل معلومات آفیشل ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے اے پی پی سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ نے کشمیر ایشو کے حوالے سے اب تک ہونے والے واقعات کی تازہ ترین رپورٹ اپنی آفشل ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ان تفصیلات میں جولائی سے 27ستمبر تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے برہان وانی سمیت دیگر شہیداء اور زخمیوں ‘چھرے والی گن سے آنکھیں ضائع ہونے اور شدید زخمی ہونے والے کشمیری بچوں سمیت بھارتی افواج کی بربریت کا شکار ہونے والے کشمیریوں کا مکمل ڈیٹا شامل ہوگا ۔انہوں نے بتا یا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا پاکستان کی عوام اور حکومت اس مسئلے کو زندہ رکھیں گے اور عالمی برادری کو تازہ ترین صورتحال سے آگا ہ کرتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی سمیت مقبوضہ کشمیر میں شہید ہونے والے کشمیریوں کی شہادت کو اجاگر کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت ‘وحشیانہ تشدد ‘ماورائے عدالت قتل سمیت انسانیت سوز واقعات کا شکار ہونے والے نہتے اور پرامن کشمیریوں کی معلومات اور تعداد بھی وزارت خارجہ کی ویب سائیٹ پر دی جائے گی ۔