خبرنامہ کشمیر

برطانیہ تنازعہ کشمیر کےحوالے سے بھارت کی حمایت نہ کرے،کشمیر میڈیا

لندن ۔(اے پی پی) لندن میں میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل تک سلامتی کونسل کی مستقل نشست کے حوالے سے بھارت کی حمایت نہ کرے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیمینار کا انعقاد برطانوی دارالعوام کے آل پارٹی پارلیمنٹری گروپس ( اے پی پی جی ایس) نے کیا تھا۔دار لعمرا کے رکن قربان حسین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل نشست چاہتا ہے جس کا وہ حقدار نہیں کیونکہ اس نے جموں وکشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر تاحال عمل درآمد نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو اپنی حکومت کو یہ باور کرانا ہو گا کہ وہ کشمیر کے حوالے سے عالمی ادارے کی قراردادوں پر عمل درآمد تک سلامتی کونسل کی مستقل نشست کے حوالے سے بھارت کی حمایت نہ کرے۔ لارڈ نذیر احمد نے اپنی تقریر میں کہا کہ عالمی ادارے کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرائے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ جیسی تنظیمیں تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے کوئی سرگرم کردار ادا نہیں کر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پہل اقوام متحدہ میں تنازعہ کشمیر زیر غور آتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہوتا۔ لارڈ نذیر کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور بھارت کے تعلقات معاشی اور تجارتی مفادات کے حوالے سے زیادہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ دونوں تنازعہ کشمیر پر بات نہیں کرتے ۔ یاد رہے کہ اے پی پی جی ایس برطانوی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ارکین پر مشتمل ایک گروپ ہے جس کی باقاعدہ طور پر کوئی سرکاری حیثیت نہیں ہے ۔