خبرنامہ کشمیر

برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی موجود ہے‘ مسئلہ برطانیہ کا ہی پیدا کردہ ہے: مسعود خان

لیوٹن(ملت + آئی این پی)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی موجود ہے ۔ یہ مسئلہ برطانیہ کا ہی پیدا کردہ ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں انتہا پسندی اور دہشتگردی نہیں تحریک آزادی ہے ۔ لیوٹن میں آباد کشمیریوں کی تحریک آزادی سے وابستگی کا ثبوت 2007 اور اس کے بعد لیوٹن بار و کونسل کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے منظور کردہ قرار دادیں ہیں۔ لیوٹن بار و کونسل کے منتخب ارکان مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کے لیے اپنی حکومت پر اثر و سوخ استعمال کریں ، لیوٹن کونسل کے منتخب ارکان کا وفد برطانوی وزیر خارجہ اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کرے اور خطوط لکھیں۔ تاکہ برطانیہ کے ساتھ ہندوستان کے آزادانہ تجارت معاہدے سے پہلے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے اور مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کی شرط عائد کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں لیوٹن بار و کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کونسل سے خطاب کی دعوت انہیں کونسلر وحید اکبر نے دی تھی ۔ اس اجلاس میں لارڈ قربان حسین ، میئر محبوب بھٹی ،لارڈ میئر الطاف حسین، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ، عبدالرشید ترابی ، ثالث کیانی ، کونسلر اسلم خان ، کونسلر ہیزل سمسن ، کونسلر نسیم ایوب ، کونسلر یاسمین وحید ، کونسلر ڈیو ٹیلر ، کونسلر پاول کیسلمین ، کونسلر محمود خان ،کیلون ہاپکنز ایم پی اور دیگر بھی موجو د ھتے ۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ برطانیہ میں موجود کشمیر ی کمیونٹی بہت بڑی مضبوط اور با اثر لیکن مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وہ اپنی صلاحیت اور استعداد کے مطابق کام نہیں کر رہی ۔ ہمیں سوشل میڈیا کے محاذ پر اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہو گا۔ بھارت پاکستان پر حملے کی جرات نہیں کر سکتا ۔ پاکستان ایک بڑا مضبوط ملک اور ایٹمی صلاحیت کا حامل ہے ۔ البتہ وہ ذرائع ابلاغ پر منفی پروپیگنڈہ کے ذریعے دنیا کو گمراہ کر رہا ہے ۔ ہمیں ذرائع ابلاغ میں بھارتی پروپیگنڈہ کا مقابلہ کرنا ہو گا ۔ یہ کام برطانیہ میں کشمیر کمیونٹی کے نوجوان بخوبی کر سکتے ہیں۔ جن کے باعث صلاحیت تعلیم اور لابی کا تجربہ بھی ہے ۔ آپ لوگ یہاں علم کے سمندر میں رہتے ہیں۔ اس موقع پر رشید ترابی ، لارڈ قربان کونسلر اسلم خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔