خبرنامہ کشمیر

بلاتعطل بجلی کی فراہمی آزادکشمیر کے عوام کا حق ہے،طاہرکھوکھر

مظفرآباد (آئی این پی) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ‘ چےئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ آزادکشمیر محمدطاہرکھوکھر نے کہا ہے کہ بلاتعطل بجلی کی فراہمی آزادکشمیر کے عوام کا حق ہے ‘ واپڈا حکام کوچاہیے آزادکشمیر کے عوام کی قربانیوں کے بدلے انہیں مفت بجلی فراہم کی جائے تاکہ ملک کے دیگر علاقوں کے لوگوں میں بھی ملک وقوم اور قومی منصوبوں کیلئے قربیانیاں دینے کا جذبہ پیداہو‘ حکام کوکالاباغ ڈیم کے انجام سے سبق سیکھنا چاہیے ‘ اگرحکمران عوام کے تحفظات دور کرتے اور کالاباغ ڈیم کامنصوبہ بروقت مکمل ہوجاتا تو آج ملک میں بجلی کا کوئی بحران نہ ہوتا اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا لیکن بدقسمتی سے آج بھی ملک اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے ۔ سول سوسائٹی کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر جو قانون ساز اسمبلی میں قائمہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ کے چےئرمین بھی ہیں نے کہا کہ آزادکشمیربالخصوص میرپور اور منگلا ڈیم کے عوام نے ملکی سلامتی ‘ دفاع اور بالخصوص قومی منصوبوں کیلئے تاریخی قربانیاں دیں ‘ میرپور کے عوام نے اپنے آباء و اجدادا کے قبرستان تک قربان کئے اور مظفرآباد کے عوام نے اپنی آبائی زمینوں‘ ماحول کی قربانی دی لیکن آج بھی مظفرآباد دار الحکومت ہونے کے باوجود گھنٹوں اندھیروں میں ڈوبا رہتا ہے جو بدقسمتی اور انتہائی افسوسناک امر ہے ‘ آزادکشمیر سے ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی ہے اور ہزاروں میگا واٹ کے پراجیکٹ زیر تکمیل ہیں لیکن اس کے باوجود آزادکشمیر کے عوام کی ساڑھے تین سو میگا واٹ کی ضروریات پوری نہ کرنا کشمیری عوام کے ساتھ بدترین زیادتی ہے انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر ایک پسماندہ علاقہ ہے ‘ کاروبار اور صنعتیں یہاں نہ ہونے برابر ہیں اور لوڈشیڈنگ کے باعث چھوٹا کاروبار کرنے والے فاقہ کشی پر مجبور ہو جاتے جارہے ہیں لیکن حکومت آزادکشمیر علاوہ وفاقی حکومت اور واپڈا حکام بھی اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے جو انتہائی افسوسناک ہے ۔ طاہرکھوکھر نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر صورت حال کا نوٹس لے اور عوام کو بلا تعطیل اور مفت بجلی فراہم کی جائے۔