خبرنامہ کشمیر

بلا اشتعال فائرنگ ‘مظفرآبادکے نواحی علاقوں کے عوام کا مورچوں کی تعمیر کا مطالبہ

مظفرآباد(ملت+آئی این پی)پنجکوٹ‘ نوسدہ ‘ نوسیری کے عوام نے مورچوں کی تعمیر کا مطالبہ کردیا‘ بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پرکشیدگی شروع کررکھی ہے‘نیلم سیکٹر پر بھارتی افواج نے گزشتہ دنوں فائرنگ کی ‘ مکار بھارت کا کچھ پتہ نہیں کسی بھی وقت دوبارہ فائر کرسکتا ہے‘ پنجکوٹ ‘ نوسدہ اور نوسیری بھی فائرنگ کی زد میں آسکتے ہیں‘ جنگ بندی معاہدہ سے قبل ان علاقوں میں بھارتی گولہ بھاری ہوئی ہے اور اُس وقت مورچے بنائے گئے تھے تاکہ عوام کو گولہ باری سے محفوظ رکھا جاسکے۔ عمائدین علاقہ جات نے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اب کی بار بھی بھارتی گولہ باری کے پیش نظر مورچوں کی تعمیر کیلئے اقدامات کرے تاکہ بھارتی جارحیت سے بچا جاسکے۔ مقامی عمائدین کا کہنا تھا کہ سکول‘ مساجد اور بازاروں کے قریب حفاظتی مورچوں تعمیر اشد ضروری ہے۔ حکومت سے گزارش ہے کہ وہ پبلک مقامات کے ساتھ ساتھ گھروں کے قریب مورچوں کی تعمیر کیلئے کردار ادا کرے۔