خبرنامہ کشمیر

بھارتی سازش عالمی سطح پر بے نقاب:صلاح الدین

مظفر آباد: (ملت+اے پی پی)متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کی بھارت کی منظم سازش پر پاکستان کو خا موش تما شائی بننے کی بجائے تنازعہ کشمیر کے بنیادی فریق کی حیثیت سے عالمی سطح پر ان سازشوں کو بے نقاب کرناچاہیے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید صلاح الدین نے متحدہ جہاد کو نسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیرکی کٹھ پتلی انتظا میہ کے تعاون سے جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑ کر مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کررہی ہے اورغیر کشمیری مغربی پاکستان کے مہاجرین کو مستقل اقامتی اسناد (پشتینی سرٹیفکیٹس ) کا اجراء اس سازش کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت اسرائیلی سوچ کے تحت فلسطینی عوام کی طرح کشمیر کے عوام کو اپنے گھروں سے بے گھر کرنے کی پالیسی پر گا مزن ہے اور اس پالیسی پر عمل درآمد کیلئے کٹھ پتلی انتظا میہ کا تعاون حاصل ہے ۔ انہوں نے واضع کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام اس سازش کو ناکام بنادیں گے ۔سید صلاح الدین نے پاکستانی قیادت پرزوردیا کہ وہ خا موش تماشا ئی بننے کی بجائے مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کریں۔