خبرنامہ کشمیر

بھارتی سی آر پی ایف اہلکاروں کا کشمیری صحافی پر تشدد

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی سینٹرل ریزروپولیس فورس کے اہلکاروں نے سرینگر میں کشمیری صحافی پر تشدد کر کے اسے شدید زخمی کردیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گریٹر کشمیر ویب ٹی وی سے وابستہ شفاعت فاروق کو سی آر پی ایف اہلکاروں نے کر ن نگر میں صدر ہسپتال کے قریب تشدد کانشانہ بنایا اور راہگیروں نے اہلکاروں سے اس کی جان چھڑائی ۔ شفاعت فاروق نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ صدر ہسپتال سے سٹوری فائل کرنے کے بعد موٹر سائیکل پر واپس لوٹ رہے تھے کہ جی ایم سی گیٹ کے قریب سی آر پی ایف کیمپ کے باہر فورسز کی گاڑیوں نے سڑک بلاک کر رکھی تھی ۔انہوں نے اس دوران پریس کالونی میں احتجاجی مظاہرے کی کوریج کیلئے عجلت میں اپنی موٹر سائیکل کو آگے بڑھانے کی کوشش کی توسی آر پی ایف اہلکاروں نے اس پر دھاوا بول دیا اور انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ، اہلکاروں نے انہیں غلیظ گالیاں دیں۔شفاعت نے مزید بتایا کہ اس موقعے پر اگر راہگیر ان کی جان نہیں بچاتے تو مشتعل اہلکار انہیں شاید جان سے ہی مار دیتے کیونکہ ایک اہلکار نے اپنی گن تان کر گولی چلانے کی بھی دھمکی دی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ بعدازاں اہلکاروں نے انہیں گھسیٹتے ہوئے کیمپ میں لے جانے کی کوشش کی اور انہوں نے شدید مزاحمت کی اور راہگیروں نے ان کی جان بچائی ۔انہوں نے بتایا کہ لوگوں کا مجمع دیکھ کر سی آر پی ایف اہلکار وں نے بوکھلا ہٹ میں انہیں چھوڑ دیا ۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کو اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عالمی صحافتی تنظیم ’’ رپورٹرز ود آؤٹ باڈرز‘‘ کے مطابق کشمیرمیں فورسز اہلکاروں کی طرف سے صحافیوں پر حملے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا روز کا معمول بن چکا ہے جبکہ گزشتہ چار برس کے دوران چار صحافیوں کو قتل بھی کیاگیا ہے ۔