خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوجیوں نےبارہمولہ میں نوجوان کواندھا دھند فائرنگ کرکےشہید کردیا

سرینگر:(ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ میں ایک نوجوان کو اندھا دھند فائرنگ کر کے شہید کر دیا ۔ اس تازہ شہادت سے جاری انتفادہ کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد 106ہو گئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ فوجیوں نے ضلع کے علاقے رفیع آباد میں نادی ہل کے مقام پر دھہان کے کھیتوں میں کام میں مصروف خواتین اور مردوں پر جمعہ کی شام کو بلا اشتعال گولیوں کی بوچھاڑ کر دی جس کے باعث ایک 22سالہ نوجوان وسیم احمد لون گولی لگنے سے شہید ہو گیا۔وسیم کی شہادت کی خبر علاقے میں پھیلتے ہی ، ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کیے ۔ انہوں نے اس موقع پر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ وسیم احمد لون کے قتل سے جاری انتفادہ کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد 106ہو گئی ہے ۔ یاد رہے کہ مقبوضہ علاقے میں موجودہ انتفادہ رواں برس آٹھ جولائی کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ممتاز مجاہد کمانڈر برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد شروع ہو ا تھا۔ دریں اثنا بھارتی پولیس نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن اور مقبوضہ وادی کے دیگر علاقوں سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے کارکن محمد یوسف صوفی سمیت متعدد افراد کو گرفتارکر لیا ہے ۔ سرینگر کے علاقوں برزلہ، رام باغ اور رنگریٹ کے رہائشیوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے انکے گھروں میں گھس کر مکینوں کو مارا پیٹا اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے ۔ سرینگر کے علاقے ڈلگیٹ میں قابض فورسز کے اہلکاروں نے راہگیروں کو ماراپیٹا۔