خبرنامہ کشمیر

بھارتی پولیس نے نعیم گیلانی کو گرفتار کر لیا‘ شہریوں کے قتل کے خلاف ہڑتال کا 106واں روز

سرینگر ۔ 22 اکتوبر (ملت + اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کے بڑے صاحبزادے ڈاکٹر نعیم گیلانی کو والد کے ساتھ ملاقات کرنے سے روکنے کیلئے ہفتے کے روز سرینگر میں گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی کے چھوٹے بیٹے نسیم گیلانی نے میڈیاکے نمائندوں کو بتایا کہ پولیس نے نعیم گیلانی کوہفتے کی صبح سید علی گیلانی کی رہائش گاہ کے مرکزی دروازے پر اس وقت گرفتار کیا جب وہ اپنے والد کی عیادت کے لیے اندر داخل ہو رہے تھے۔ نسیم گیلانی کا کہنا تھا کہ بھائی کی گرفتاری کا سن کر جب وہ سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں قائم اپنے والد کی رہائش گاہ کے باہر پہنچے تو پولیس نے انہیں بھی اندر نہیں جانے دیا ۔انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے ان سے اپنے والد کی عیادت کا حق بھی چھین رکھا ہے۔ مسلسل نظر بندی کے باعث سیدعلی گیلانی کی صحت انتہائی کمزور ہو چکی ہے اور وہ کئی طرح کے عارضوں میں مبتلا ہیں۔ادھربھارتی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کے قتل عام اور دیگر مظالم کے خلاف ہفتے کو106ویں روز بھی مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال رہی ۔ تمام مرکزی بازار، کاروباری تعلیمی ادارے اور پٹرول پمپ بند تھے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بہت کم تھی۔