خبرنامہ کشمیر

بھارتی یوم جمہوریہ کے پیش نظرمقبوضہ کشمیر میں سیکورٹی انتظامات سخت

فوٹو جرنلسٹ کامران

بھارتی یوم جمہوریہ کے پیش نظرمقبوضہ کشمیر میں سیکورٹی انتظامات سخت

سرینگر (ملت آن لائن) جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل ہی مقبوضہ کشمیر میں سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں اور شہر سرینگر میں جگہ جگہ بھارتی فورسز نے چوکیاں قائم کر کے گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے، پولیس اور فوج کے علاوہ دیگر ایجنسیوں کو سرحدی علاقوں میں چوکس رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی یوم جمہوریہ کے سلسلے میں امن و امان کی صورتحال کو برقراررکھنے کیلئے سرینگر اور دیگر اضلاع میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں اور اس مقصد کیلئے فوج اور پولیس کی اضافی نفری کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ سرینگر کے بین الااقوامی ہوئی اڈے کے اندر اور باہر بھی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے اور اضافی اہلکاروں کو تعینات کیاگیا ہے، بھارتی فورسز کے اہلکار جگہ جگہ راہگیروں اور مسافروں کی جامہ تلاشیاں لیتے ہوئے دکھائی رے ہیں۔ سیکورٹی کیمپوں کے علاوہ اہم سرکاری تنصیبات سکیورٹی کے حصار میں لے لیاگیا ہے۔ سرینگر شہر میں تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیزکردیاگیا ہے اورتمام داخلی اور خارجی راستوں پر چوکیاں قائم کرنے کے علاوہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں اور وہاں گاڑیوں اور مسافروں کی جامہ تلاشیاں لی جارہی ہیں اور لوگوں کے شناختی کارڈ بھی دیکھے جارہے ہیں۔ ایک بھارتی فوجی افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ سرینگر شہر میں لال چوک، بڈشاہ چوک، سول سیکریٹریٹ، اولڈ سیکریٹریٹ اور دیگر علاقوں میں سینٹرل ریزروپولیس فورس سمیت بھارتی فوجیوں کو تعینات کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر کے علاوہ وادی کشمیر کے تمام دیگر اضلاع میں بھی سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سول لائنز کے بٹہ مالو ،بڈشاہ چوک ،ڈلگیٹ ،ریگل چوک ،جہانگیر چوک ،رامباغ ،باغات برزلہ ،حیدر پورہ، بمنہ بائی پاس، ہمہامہ، نوگام اور دیگر کئی علاقوں میں فورسز کی چوکیاں قائم کی گئی ہیں جہاں گذشتہ کئی دنوں سے گاڑیوں کی تلاشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سونہ وار ،ڈلگیٹ اور راجباغ کے علاقوں میں بھارتی فورسز ہوٹلوں میں رہائش پذیر لوگوں سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ ادھر بھارتی فورسز کو سرحدی علاقوں میں چوکس رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔26جنوری کے پیش نظرسول لائنز ،بائی پاس اور سرینگر کے مضافات میں پولیس وفورسز کا گشت بڑھا دیاگیا ہے اور سڑکوں پر پولیس وفورسز کی جانب سے پرائیویٹ اور مسافر گاڑیوں کو روک کر ان کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔سرینگر کرکٹ اسٹیڈیم جہاں بھارتی یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب منعقد ہو گئی کی سیکورٹی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جارہا ہے ۔سٹیڈیم کے ارد گرد فوجی بنکر قائم کئے گئے ہیں۔سٹیڈیم سے گذرنے والی سڑک کو شام کو ٹریفک کیلئے بند کردیا جاتا ہے۔نگرانی کیلئے سٹیڈیم کے قریبی علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں جبکہ گذشتہ کئی دنوں سے علاقہ میں تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ بھی تیز کردیا گیا ہے۔