خبرنامہ کشمیر

بھارت مخالف مظاہرے روکنے کیلئے پابندیاں عائد

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں شہدائے گاؤ کدل کی برسی پر ہفتے کے روز سرینگر گاؤ کدل اور اسکے ملحقہ علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گاؤ کدل اور شہر کے دیگر علاقوں میں دکانیں، کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوں کو بھارت مخالف مظاہروں سے روکنے کیلئے سرینگر میں پابند یاں نافذ اور بھارتی فورسز کی ایک بڑی تعداد تعینات کر دی تھی۔ ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پرمشتمل متحدہ مزاحمتی قیادت نے دی تھی۔ انتظامیہ نے حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ اورہلال احمد وار مظاہروں کی قیادت سے روکنے کیلئے گھروں ، جیلوں اور تھانوں میں نظر بند رکھا۔یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے 20جنوری 1990کو سرینگر کے چھوٹا بازار علاقے میں گھروں میں گھس کر کئی خواتین کو بے حرمتی کا نشانہ بنایا تھا۔ سرینگر کے شہری اس مذموم کارروائی کے خلاف احتجاج کیلئے 21جنوری کو ہزاروں کی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے جس دوران بھارتی فوجیوں نے اندھا دھند فارئرنگ کر کے 50سے زائد افراد کو شہید جبکہ سینکڑوں کو زخمی کر دیا۔