خبرنامہ کشمیر

بھارت نے جموں وکشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کرکے کشمیری عوام کو فوج کے رحم و کرام پر چھوڑ دیا ہے سیدعلی گیلانی کی ریڈونی کولگام میں ایک اورفوجی کیمپ قائم کرنے کی مذمت

سرینگر۔(ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے کہاہے کہ بھارت نے جموں وکشمیر کو ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے اور یہاں چپے چپے پر فوجی کیمپ قائم کرکے شہری آبادی کو فوج کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کولگام کے علاقے ریڈونی بالامیں قابض انتظامیہ کی طرف سے ایک اورفوجی کیمپ قائم کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کو ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیاگیا ہے اور مقبوضہ علاقے میں رائج کالے قوانین کے ذریعے فوجیوں کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور حیوانیت اور درندگی کا نشانہ بنانے کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کولگام کے ایک وفد نے انہیں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ جس علاقے میں فوج نے نیا کیمپ قائم کیا ہے وہاں بڑے پیمانے پر درختوں کو کاٹا گیا ہے اور وہاں چناروں کا ایک بڑا باغ بھی موجود ہے جس پر بلڈوزرچلا کر کافی نقصان پہنچایا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ وفد نے مذید بتایا کہ 3کلومیٹر کے دائرے میں پہلے ہی چار فوجی کیمپ موجود ہیں اور اس نئے کیمپ کے ارد گردسول آبادی کے ساتھ ساتھ سکول بھی موجود ہیں جس کی وجہ سے لوگوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وفد نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوجی کیمپ کو فوری طور ہٹایا نہ گیا تو پوری آبادی مجبورا وہاں سے نقل مکانی کرے گی ۔سیدعلی گیلانی نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ اس نازک مرحلے پرانکے ساتھ ہیں اور پوری کشمیری قوم انکے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے علاقے سے فوجی کیمپ ہٹانے کے عوامی مطالبے کی بھرپور تائید اور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے سول آبادیوں میں قائم بھارتی فوجیوں کے تمام فوجی کیمپوں کو فوری طورپر ہٹانے کا مطالبہ کیا کیونکہ بستیوں میں فوجی کیمپوں کی موجودگی سے عام انسانی آبادی کی جان ، مال اورعزت وآبروکوہمیشہ خطرہ لاحق رہتا ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے اطراف واکناف میں سول آبادی میں فوجی کیمپوں کی موجودگی اور نئے کیمپوں کو تعمیر کئے جانے کی غاصبانہ کارروائیوں کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان فوجی کیمپوں کو قائم کرنے کا مقصد صرف حریت پسند کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو کمزور کرنا ہے ۔ حریت چیئرمین نے اس امر پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ قابض بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیری عوام پر ظلم و بربریت روز کا معمول بن گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری حریت پسند عوام کو اپنے جائز حقوق سے محروم کرکے دیوار کے ساتھ لگانے کے جابرانہ اور ظالمانہ ہتھکنڈوں کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔انہوں نے بھارتی حکمرانوں کونہتے کشمیری عوام کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال سے اجتناب کرنے پر زوردیتے کہا کہ سرکاری دہشت گردی اور ظلم وجبر کے ذریعے کشمیری عوام کو زیادہ دیر تک محکوم نہیں رکھا جاسکتا ہے۔