خبرنامہ کشمیر

بھارت نے مقبوضہ کشمیرپرناجائز قبضہ کیاہواہے: سردار مسعود خان

میرپور (ملت + آئی این پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہاہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرپرناجائز قبضہ کیاہواہے جبکہ آزادکشمیرکاخطہ یہاں کے مجاہدوں نے اپنے زور بازوں سے لڑھ کرآزادکروایا۔جب بھارت نے 27 اکتوبر1947 کو کشمیرمیں اپنی فوجیں داخل کیں اس وقت کوئی الحاق کی دستاویز موجود نہیں تھیں یہ بات پایا ثبوت کو پہنچ چکی ہے کہ بھارت نے غاصبانہ قبضہ کررکھاہے ۔ ہمارامقدمہ مضبوط اور مبنی برحق ہے۔ لہذا ہمیں اپنے اندر اتحاد ، اتفاق اور ہم آہنگی پیداکرکے ایک آواز ہوکر اقوام عالم کے ایوانو ں میں اپنی بات پہنچانی چاہیے تاکہ اس میں وزن ہو۔ تحریک آزادی کشمیر کے تناظرمیں میڈیا کا بڑا اہم رول ہے ۔ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا تحریک آزادی کشمیرکے تناظرمیں اپنابھرپورکلیدی کردار اداکرے۔ اس سلسلہ میں صحافی اور وکلاء برادری تحریک آزادی کشمیر کے قانونی پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے اس مسئلے پربین الاقوامی سطح پربحث کا آغاز کریں۔پاک چائنہ اقتصادی راہداری میں میرپورکابڑا حصہ ہوگاجس سے ریاست بھرمیں معاشی خوشحالی آئے گی ۔ہمیں سی پیک کے ثمرات سے مستفید ہونے کے لیے تیاری کرناہوگی۔ آزادکشمیر کو خود کفیل بنانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو متحرک اور فعال کرنا ہوگااور اپنے ذرائع آمدن پیداکرنے ہوں گے۔ متاثرین منگلاڈیم کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ بھارت کی طرف سے سیز فائرلائن کی خلاف ورزیوں اور جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ بھارتی فائرنگ سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو ہرممکن سہولیات ومراعات دیں گے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے یہاں پریس کانفرنس اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس کے موقع پرآزادجموں وکشمیراسمبلی کے ممبرچوہدری محمدسعید بھی موجود تھے جبکہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے صدر ڈسٹرکٹ بار ذوالفقار احمدراجہ ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل چوہدری تحسین احمدایڈووکیٹ، حافظ ارشد ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پروکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صدر آزادکشمیر سردارمحمدمسعود خان نے کہاکہ میرپورشہیدوں اورغازیوں کی سرزمین ہے جس کاآزادکشمیرکی تجارت ، معیشت ، علم و ادب، سیاست اور روحانیت میں ایک نمایاں کردار ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہ ہمارے آباؤاجداد کی لازوال قربانیوں کا ثمرہے کہ ہم آزادی کی نعمت سے سرشارہیں جبکہ مقبوضہ کشمیرکے عوام 70 برسوں سے نہ صرف آزادی کی نعمت سے محروم ہیں بلکہ کوئی دہائی ایسی نہیں گزری کے ان پرظلم وستم کے پہاڑ نہ توڑے گئے ہوں۔ صدرریاست نے کہاکہ جب مستقبل کامورخ حریت کی تاریخ رقم کرے گا تو اس میں کشمیریوں کی حریت سرفہرست ہوگی۔ کیونکہ تاریخ اقوام میں ایسی جدوجہد کی مثال نہیں ملتی۔ سردار محمدمسعود خان نے کہاکہ آزادکشمیرکے عوام پاکستان کے دفاع کاحصہ ہیں ہمارے مفادات مشترک ہیں۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان نے کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام پرچھوڑ رکھاہے جب کہ بھارت کشمیر کو اٹوٹنگ بنانے کی ضد پراڑ اہواہے ۔انھوں نے سیز فائرلائن پربھارتی افواج کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری کو بھارتی جارحیت کانوٹس لیناہوگا ۔ سیز فائرلائن پرآباد نہتے شہریوں پرتسلسل کے ساتھ فائرنگ کرکے بھارت نے جنگی ماحول پیداکررکھاہے۔ انھوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیرحکومت پاکستان پرمعاشی انحصا ر کرنے کی بجائے پرائیویٹ شعبہ کو ترقی دے کرمعاشی خود کفالت حاصل کرے گی۔ آزادکشمیرقدرتی وسائل سے مالامال ہے جن کو ترقی دیکر خطہ کی تمام ضروریات کوپوراکیاجاسکتاہے۔ اس سلسلہ میں مربوط اور جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ صدر آزادکشمیرنے تجویز کیاکہ آزادکشمیرسے جودرجنوں اخبارات شائع ہورہے ہیں وہ عالمی میڈیا کے ساتھ اشتراک عمل پیدا کر کے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگرکرنے میں کلیدی کردار اداکرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں تو کوئی دہشت گردی نہیں ہورہی وہاں لشکرطیبہ اور جیش محمدجیسی تنظیموں کاکوئی وجود نہیں ہے۔ کشمیریوں کا حق خود ارادیت مسلمہ ہے اور پوری قوم اس پرمتفق اورمتحد ہے۔ اقوام متحدہ کی زیرنگرانی استصواب رائے کے بعد ہی کشمیری اپنے مستقبل کافیصلہ کریں گے۔ اس سے پہلے کشمیری قوم کو مختلف نظریات کی بنیاد پرمنقسم نہ کیاجائے۔ انھوں نے کہاکہ بھارتی خفیہ ایجنسی کشمیریوں کو مختلف جھانسے دے کر تقسیم کرکے ان کی آواز کو کمزور کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ انھوں نے کہاکہ قبائلی لشکروں کے حوالے سے بھی حقائق تلاش کرنے ہوں گے۔ بعض کشمیری انھیں اپنامحسن سمجھتے ہیں اور بعض کے خیالات مختلف ہیں۔ اس وقت اتحادوں اور حلیفوں کی ضرورت ہے۔ ماضی کو کرید کرمخالفوں میں اضافے کرنے کی ضرورت نہیں ۔ پاکستان نے کشمیریوں کی جنگ ہرمحاذ پرلڑی ہے جس میں اسے اپنے آدھے وجود سے محروم ہوناپڑا۔ اس پر جنگیں مسلط رہیں جس کی وجہ سے اسے ایٹمی صلاحیت حاصل کرناپڑی ۔ آج بھی اقوام عالم میں کوئی ریاست کشمیریوں کی حامی ہے تو وہ صرف اور صرف پاکستان ہے جوہرپلیٹ فارم پرہمارے لیے جرات مندی سے آواز بلند کرتاہے۔