خبرنامہ کشمیر

بھارت کشمیری حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہا ہے، فاروق رحمانی

بھارت کشمیری حریت

بھارت کشمیری حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہا ہے، فاروق رحمانی

جموں (ملت آن لائن) جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے بھارت کی طرف سے کشمیری حریت رہنماؤں اورکارکنوں کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قطعی طور پر ایک انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے پارٹی آرگنائیزر امتیا احمد شاہ، جنرل سیکرٹری محمد رمضان خان سمیت غیر قانونی طور پر نظر بندتمام حریت رہنماؤں او ر کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکمران نہ صرف اپنے ملک بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں وکشمیر میں بھی فرقہ واریت کے بیچ بو رہے ہیں۔ انہوں نے کنٹرول لائن پربھارتی جارحیت اورآزادکشمیر کے شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔ دریں اثنا پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے ایک بیان میں تنظیم کے چیف آرگنائزر امتیاز احمد شاہ اور جنرل سیکرٹری محمد رمضان خان کی مسلسل نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے انکی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ نظر بندوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔ ترجمان نے جموں کشمیرلبریشن فرنٹ کے علیل چیرمین محمد یاسین ملک کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے موصوف کے جذبہ حریت کو سلام پیش کیا ہے۔