خبرنامہ کشمیر

بھارت کشمیری نوجوانوں اور طلباء کو حق خود ارادیت اور آزادی کا مطالبہ کرنے پر انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے سرینگر میں قابض بھارتی افواج کے کشمیری طلباء و طالبات پر وحشیانہ تشدد اور جموں کے مختلف علاقوں میں خانہ بدوشوں پر انتہا پسند ہندؤں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ صدر مسعود خان نے گزشتہ روز بڈگام میں دو نوجوانوں کی قیادت پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنونیئر فیض نقشبندی کی قیادت میں حریت رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کشمیری نوجوانوں اور طلباء کو حق خود ارادیت اور آزادی کا مطالبہ کرنے پر انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے قابض فوج نے کالجوں اور سکولوں کو ہدف بنا لیا ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کے حوصلے بلند ہیں ۔ وہ بھارتی ظلم و جبر سے خوفزدہ نہیں ہونگے ۔ آزاد کشمیر کے عوام اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ اور ان کی غیر متزلزل اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تشدد او ردہشتگردی کی فضا کو ختم کر کے خطے میں امن و استحکام کے لیے کشمیریوں اور پاکستان کے ساتھ تعاون کرے اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کی راہ ہموار کرے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی پابندیوں کے باعث مظلوم کشمیریوں کی مدد کا واحد ذریعہ ذرائع ابلاغ ہیں جن ذریعے ہم اپنے مظلوم بھائیوں کے دکھ درد پر رنج و غم کا اظہار کر سکتے ہیں۔ اور بھارتی افواج اور حکمرانوں کو باور کرا سکتے ہیں کہ کشمیری قوم تنہا نہیں ۔ آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کی طرف سے واجپائی کی کشمیر پالیسی کو بحال کرنے کا اعلان مگر مچھ کے آنسو ہیں۔ اگر وہ مخلص ہیں تو مقبوضہ کشمیرسے بھارتی افواج کو فوری واپس بلائیں ۔ پیلٹ گن جیسے مہلک ہتھیار کے استعمال پر پابندی عائد کریں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مودی گزشتہ سال جولائی سے اب تک سیکڑوں کشمیریوں کو قتل کرنے اور سیکڑوں کو بصارت سے محروم کرنے کا مجرم ہے۔ کشمیری قوم اسے کبھی معاف نہیں کرے گی۔ دریں اثناء صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبد الرشید ترابی کی قیادت میں تحریک کشمیر برطانیہ کے وفد کی ملاقات زور میں تحریک کے صدر فہیم کیانی، نائب امیر جماعت اسلامی راجہ جہانگیر خان اور سیکرٹری اطلاعات راجہ ذاکر خان بھی موجود تھے۔ وفد نے صدر سردار مسعود خان کو برطانیہ اور یورپ میں کشمیر کا ز کو اجاگر کرنے کے لیے کوششوں سے آگاہ کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے تحریک کشمیر برطانیہ اور یورپ کے صدر کی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کے مہذب ملکوں کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ یورپی ممالک میں آباد کشمیری تارکین وطن بہتر کام کر رہے ہیں ۔ تاہم ذرائع ابلاغ میں مہارت رکھنے والے نوجوانوں کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت یورپی ملکوں میں آباد تارکین وطن با اثر ، صاحب ثروت اور سیاسی اہمیت کے حامل ہیں۔ اس لیے وہ کشمیر کے حوالے سے بہتر کام کرسکتے ہیں۔ مغربی سیاستدانوں ، میڈیا اور سول سوسائٹی کے ارکان سے رابطے استوار کئے جائیں۔ گارڈ ین اور نیویارک ٹائمز جیسے اخبارات میں بھارتی مظالم کی کسی حد جھلک دکھائی جاتی ہے۔ مگر مغربی ممالک کے دیگر ذرائع ابلاغ اس حوالے سے مکمل طور پر خاموش دکھائی دیتے ہیں۔