خبرنامہ کشمیر

بھار ت نے کشمیری نوجوانوں کو پرتشدد راستہ اختیار کرنے پر مجبور کردیا ہے،اعظم انقلابی

سرینگر ۔ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں محاذِ آزادی کے سرپرست محمد اعظم انقلابی نے کہا ہے کہ بھارتی سامراج کو کشمیری حریت پسندوں کی پْرامن جمہوری جدوجہد کبھی راس نہیں آئی ہے اور اس نے کشمیری نوجوانوں کو پرتشدد راستہ اختیار کرنے پر مجبور کردیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اعظم انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے محاذرائے شماری کے رہنماؤں کو دس سال تک جیلوں میں دھکیل دیا اور کشمیرمیں ظلم و بربریت کا ماحول پیدا کرکے محاذرائے شماری کے نوجوان رہنما محمد مقبول بٹ کو زیر زمین سرگرمیوں میں شامل ہونے پر مجبور کردیا۔ انہوں نے کہاکہ محمد مقبول بٹ کی پھانسی نے لاکھوں کشمیری نوجوانوں کے جذبات کو مجروح کیا تھا جس کی وجہ سے ہزاروں نوجوانوں نے بھارت کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا۔اعظم انقلابی نے کہاکہ بھارت نے طاقت کے نشے میں چور ایک اور فرزندِ کشمیر محمد افضل گورو کو 9فروری 2013ء کو اسی تہار جیل میں پھانسی دے کر اپنے مذموم عزائم کا اظہار کیا اور کشمیری نوجوانوں کو ایک بار پھر للکارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شہادت نے کشمیر ی نوجوانوں کو بھارتی تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے جذبے کو مہمیز دی ہے۔اعظم انقلابی نے کہاکہ غیر یقینی سیاسی صورتحال کے بھنور سے نکلنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ حقِ خودارادیت کے اصول کے تحت کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کا تعّین کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ انہوں نے بھارتی حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ جیلوں میں نظربند تمام کشمیریوں کو رہا کریں۔