خبرنامہ کشمیر

تنازعہ کشمیر انسانی مسئلہ ہے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے،مزاحمتی قیادت

تنازعہ کشمیر انسانی مسئلہ ہے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے،مزاحمتی قیادت
سرینگر (اے پی پی،ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر قطعی طور پر ایک انسانی مسئلہ ہے جسے مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک، سید علی گیلانی کی عیادت کیلئے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں انکی رہائشگاہ پر گئے۔ اس موقع پر مزاحمتی قائدین نے مقبوضہ علاقے کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد جاری بیان میں کہا کہ آزادی پسند قیادت نے کبھی بھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا البتہ بھارت مسئلہ کشمیر کو ایک انتظامی مسئلے کے طور پر پیش کر کے مذاکراتی ماحول کو بگاڑ رہا ہے اور محکوم کشمیریوں پر فوجی طاقت کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرکے انہیں مرعوب اور مغلوب بنانے کی کوششوں میں لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیلٹ بندوقوں کے چھرو ں کی بارش برسانے کے لیے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کو ہیلی کاپٹر مہیا کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنماؤں، کارکنوں،کشمیری وکلا، سرکاری ملازمین ، تاجروں، صحافیوں اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کردار کُشی کے لیے این آئی اے جیسی ایجنسیوں کو متحرک کیا گیا ہے جبکہ پُرامن سیاسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کرکے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کوجیلوں ، تھانوں اور تفتیشی مراکز میں پہنچا دیا گیا ہے۔مزاحمتی قیادت نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے تنازعہ کے تینوں فریقوں کے درمیان نتیجہ خیز مذاکرات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان محاذ آرائی نہ صرف علاقے بلکہ عالمی امن کے لیے سنگین خطرے کا باعث ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں نے اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کے حصول کے لیے اب تک لاکھوں جانیں قرباں کی ہیں، ہزارو ں خواتین کی بے حرمتی کی گئی جبکہ ہزاروں کشمیری غیر قانونی طور پر جیلوں اور تفتیشی مراکز میں بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو ان بیش بہا قربانیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور تحریک کو اسکے منطقی انجام تک ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔