خبرنامہ کشمیر

تنازع کشمیر کا حل نا ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے، ملیحہ لودھی

تنازع کشمیر کا حل نا ہونا اقوام متحدہ کی مسلسل ناکامی ہے، ملیحہ لودھی

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کا حل نا نکالا جانا اقوام متحدہ کی مسلسل اور بدترین ناکامی ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی خصوصی کمیٹی میں خطاب کے دوران ملیحہ لودھی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کا پرامن نہتے کشمیری مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال اور بڑے پیمانے پر لوگوں کی بینائی چھین لینے کے عمل کو انسانی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ قرار دیا۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ نہتے شہریوں پر پیلٹ گن کا استعمال نہ صرف جنگی جرم ہے بلکہ انسانی تاریخ میں اتنے بڑے پیمانے پر بینائی چھینے جانے کا ایسا سانحہ ہے جس کی کہیں مثال نہیں ملتی اور اس ظلم نے معصوم کشمیریوں کی ایک نسل کو بینائی سے محروم کردیا ہے۔

اقوم متحدہ میں پاکستان کی مندوب نے کہا کہ اقوام متحدہ کا نوآبادی سے دستبرداری کا ایجنڈا اس وقت تک ناکام ہے جب تک کشمیر کے مسئلے کا پرامن حل نہیں نکالا جاتا۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ 70 سال سے بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو دھونس اور دھوکہ دہی سے بے وقوف بنا رہا ہے اور ہزاروں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کشمیریوں کے حق آزادی کو کچلنے کی سازش ہے۔