خبرنامہ کشمیر

جرمنی کا بھارت اورپاکستان کومسئلہ کشمیرحل کرنے کے لئے مذاکرات کرنے پرزور

سرینگر ۔(ملت+اے پی پی) جرمنی نے بھارت اور پاکستان پر زوردیا ہے کہ وہ پیچیدہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نئی دہلی میں جرمن مشن کے نائب سربراہ ڈاکٹر جسپر وییک نے سرینگر میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک پیچیدہ مسئلہ ہے اور بھارت اورپاکستان کو یہ مشکل اور پیچیدہ صورتحال ورثے میں ملی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جرمنی چاہتا ہے کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس دونوں ہمسائے اس مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔ ڈاکٹر جیسپر نے کہا کہ کشمیر میں صورتحال 2013ء سے بدتر ہے جب جرمن سفارتخانے نے بھارتی حکومت کے اشتراک سے سرینگر میں روبین مہتا کے میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کشمیری عوام ،بھارت اور پاکستانی قیادت کو بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ سوال پوچھنے پر کہ کیا جرمنی تنازعہ کشمیر حل کرانے کے لیے بھارت اور پاکستان کی مددکرسکتا ہے ؟ جرمن سفارتکار نے کہاکہ ہم مذاکرات شروع کرانے کے لیے دونوں ملکوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں لیکن جس طرح نیویارک میں دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات منسوخ ہوگئے اس صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے ہم تھوڑا محتاط بھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ملکوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پر غور کریں۔