خبرنامہ کشمیر

جماعت اسلامی آزاد کشمیر، مارچ میں ورکر کنونشن کا انعقاد کرے گی

پلندری/تراڑ کھل(آئی این پی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل سردار ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پلندری کے عوام جماعت اسلامی کے کرپشن سے پاک تعمیر کرو سدہنوتی اور تحریک آزادی کشمیر کی پاسبان سدہنوتی کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ہمارا ساتھ دیں ،ضلع سدہنوتی پسماندہ ترین ضلع ہے ملازمتوں میں پورے سیشن کے دوران ضلع سدہنوتی کو سب سے زیادہ نظر انداز کیا گیا ،جماعت اسلامی پورے آزاد کشمیر اور مہاجرین کے حلقوں میں مارچ میں ورکر کنونشن کا انعقاد کرے گی جماعت اسلامی کے کارکن عوام رابطہ مہم تیز کریں 25فروری کو سینیٹر سراج الحق کا دورہ چکسواری تحریک آزادی کشمیر اور نظام کی تبدیلی میں سنگ میل ثابت ہو گا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے عوام رابطہ مہم کے دوران کارنر میٹنگز اور وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ 68سال گزر گئے یہ مختصر سا آزاد خطہ تمام تر وسائل کے باوجود بنیادی انسانی سہولیات سے محروم ہے ریاست کے کل بجٹ میں سے صرف 11ارب روپے ترقیاتی ہیں ان میں سے بھی4ارب روپیہ کرپشن کی نذر ہو جاتا ہے صرف 6ارب روپے خرچ کرنے کے لیے 52ارب روپے کی سرکاری مشینری استعمال کی جاتی ہے جو دنیا کا عجوبہ ہے انہوں نے کہا کہ اس سیاسی کلچر کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ امانتدار اور دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت اسمبلی میں آئے اور وہ اس عدم توازن کو ختم کرے تا کہ ریاست میں تعمیر و ترقی کا پہیہ چل سکے ،انہوں نے کہا کہ کرپشن ظلم نا انصافی ،میرٹ کی پامالی اور اقرباپروری عروج پر ہے تھانے اور کچہریاں امن کا گہوارہ بننے کے بجائے خوف کا نشان ہیں ،ان حالات میں جماعت اسلامی اللہ کے دئیے ہوئے نظام عدل کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہے عوام 1947ء کی طرح علاقوں ،برادریوں کے دائروں سے نکل کر جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ آزاد خطے میں اسلامی نظام کا نفاذ ہو سکے اسلامی نظام کے نفاذ سے ہی ہمارے مسائل حل ہوں گے کرپشن کا خاتمہ ہو گا ظلم کا نظا م ختم ہو گا اقرباپروری ختم ہو گی میرٹ کی بنیادپر حق دار کو حق ملے گا ۔