خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں اور تنظیموں کا شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع اسلام آباد میں شہید ہونیوالے چار کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع میں آورنی کے علاقے حسن پورہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران چار نوجوانوں کو شہید کردیا تھا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق ،شبیر احمد شاہ اور ظفر اکبربٹ نے اپنے بیانات میں شہید نوجوانوں کوزبردست عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے مشن کو ہرقیمت پر پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداء کے مشن کی آبیاری قیادت اور عوام کا فریضہ ہے۔متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے بھی ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کا عزم کررکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے بھارت نے ہر حربہ اور ہتھکنڈہ استعمال کیا تاہم کشمیری عوام اورحریت پسندوں نے انہیں ناکام بنادیا ۔کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اورعزم ظاہر کیاکہ کشمیری شہداء کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی ۔بار ایسوسی ایشن نے فوجیوں کے ہاتھوں نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کی غیر جانبدارنہ تحقیقات کرانے اور اس میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ بیان میں افسوس ظاہر کیا گیا ہے کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار نہتے کشمیریوں کو جو نوجوانوں کے قتل کے خلاف احتجاج کر رہے تھے گولیوں اور پیلٹ گن سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہے ہیں جس سے بڑی تعداد میں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ادھر دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔