خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں کا افضل گورو کو خراج عقیدت، کامیاب ہڑتال پر لوگوں سے اظہار تشکر

سرینگر ۔(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں مختلف حریت رہنماؤں نے شہیدمحمد افضل گورو کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس موقع پرمکمل ہڑتال کرنے پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے جبکہ کئی آزادی پسند تنظیموں کے رہنماؤں نے دوآبگاہ سوپور میں شہید کے گھر جاکران کے اہل سے اظہار یکجہتی کیاہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک نے جو سینٹرل جیل سرینگرمیں نظربند ہیں ایک بیان میں محمد افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوا م شہداء کے مشن کی تکمیل اور محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کے اجساد خاکی کی واپسی تک اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ محمد افضل گورو بھارت کی کشمیردشمنی کا شکار بنے ہیں اور انہیں نہ صرف غیر قانونی طریقے سے تختہ دار پر لٹکایا گیا بلکہ انسانیت اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے ان کے جسد خاکی کو بھی قید کردیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ محمد افضل گورو کی قربانی جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک ان مٹ باب بن چکا ہے اور جب تک محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کے اجسادخاکی اور باقیات کشمیریوں کے حوالے نہیں کی جائیں گی کشمیری اس حوالے سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ادھر لبریشن فرنٹ کے ایک وفد نے مزار شہداء عیدگاہ سرینگر پر ایک تعزیتی مجلس منعقد کی جس میں فرنٹ کے رہنماؤں بشیر احمد کشمیری، بشیر بویا، اراکین امتیاز احمد، شاکر احمد ،سہیل احمد، فیاض احمد اور دیگر نے شرکت کی۔ لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں نے سوپور میں محمد افضل گورو کے آبائی گاؤں میں منعقدہ مجلس میں بھی شرکت کی اور انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ ادھر محمد مصدق عادل ، غلام نبی زکی اور میر غلام حسن پر مشتمل کل جماعتی جماعتی حریت کانفرنس کے ایک وفد نے محمد افضل گورو کے آبائی گاؤں دوآبگاہ سوپور جا کر دعائیہ مجلس میں شرکت کی جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق نے ٹیلیفون پر شہید کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔ حریت چےئرمین نے اس موقع پر کہا کہ شہداء کی قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کا قیمتی اثاثہ ہیں اور یہ قربانیاں رنگ لا کر ہی رہیں گی۔تحریک حریت جموں وکشمیرنے محمد افضل گورو کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گورو کو بھارت کے فرقہ پرست اور طاقت کے نشے میں چور حکمرانوں نے انتقام کا نشانہ بنایاہے۔تحریک حریت نے محمد افضل گورو کے یوم شہادت پر مکمل کشمیر بند کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام آزادی کے لیے اپنے سروں کی فصل کٹوانے والے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ کی ہدایت پر پارٹی کے ایک وفد نے دو آب گاہ سوپور میں محمد افضل گورو کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ مسلم لیگ کے رہنما عبدالاحد پرہ اور ملک غلام نبی ،حریت رہنما شبیر احمد ڈار ، قطب عالم ،عبدالصمد انقلابی اورمحمد رمضان خان نے بھی دوآبگاہ سوپور جاکر شہید گورو کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ حریت رہنماؤں،محمد فاروق رحمانی، غلام احمد گلزار اورمحمد رمضان خان نے بھی شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کو ان کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔